Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

امریکا کا سب سے مہنگا جنگی طیارہ لاپتہ ہوگیا، ڈھونڈنے کیلئے عوام سے مدد طلب

فنی خرابی کے بعد میرین کور کے پائلٹ نے بذریعہ پیراشوٹ چھلانگ لگا لی تھی
شائع 18 ستمبر 2023 08:29pm
امریکا کا سب سے مہنگا جنگی طیارہ ایف 35 لاپتہ ہوگیا، فوٹو ــ روئٹرز
امریکا کا سب سے مہنگا جنگی طیارہ ایف 35 لاپتہ ہوگیا، فوٹو ــ روئٹرز

امریکا کا سب سے مہنگا جنگی طیارہ ایف 35 لاپتہ ہوگیا، جدید ایئر کرافٹ کو ڈھونڈنے کیلئے عوام سے مدد طلب کرلی گئی ہے۔

امریکا کے فوجی حکام کا کہنا ہے کہ آج صبح ریاست ساؤتھ کیرولائنا میں پرواز کرتے ہوئے ایف 35 بی لڑاکا طیارہ لاپتہ ہوگیا۔ طیارے کی تلاش کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق دوران پرواز کچھ فنی خرابی کی وجہ سے میرین کور کے پائلٹ نے پیراشوٹ سے چھلانگ لگا لی تھی۔

ایئربیس نے تصدیق کی ہے کہ پائلٹ با حفاظت طیارے سے نکل گیا تھا۔

امریکی فضائیہ کی چارلسٹن ایئربیس نے طیارے کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔

طیارے کی تلاش کے دوران شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر عوام کو طیارے سے متعلق کوئی معلومات ہوں تو فوری طور پر بیس ڈیفنس آپریشنز سینٹر کے نمبر پر رابطہ کریں۔

واضح رہے کہ ایف 35 دنیا میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا اور مہنگا ہتھیاروں کا پروگرام ہے۔

اس طیارے کو اسلحہ بنانے والی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن نے بنایا ہے اور کہا جاتا ہے کہ ہر ایک طیارے کی قیمت تقریباً آٹھ کروڑ ڈالر ہے اور یہ دنیا کے جدید ترین لڑاکا طیاروں میں سے ایک ہے۔

ایف 35 بی میں یہ خاصیت ہے کہ طیارے میں نیٹ ورک سے چلنے والا مشن سسٹم ہے، جو دوران پرواز جمع کی جانے والی معلومات کو اسی وقت میں شیئر کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

میرین کور کا یہ طیارہ ہیلی کاپٹر کی طرح لینڈ کر سکتا ہے اور چھوٹی پٹی یا رن وے سے اڑان بھر سکتا ہے۔

اس طیارے میں دنیا کا سب سے طاقتور لڑاکا انجن ہے اور یہ 1,200 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے نشانہ بنا سکتا ہے۔

یہ جہاز اپنے پنکھوں پر دو جبکہ اپنے اندر چار میزائل رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

USA

F 35B

United States Air Force