Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

امریکا اور چین کے اعلیٰ سفارتکاروں کی اہم ملاقات، کشیدہ تعلقات ہموار کرنے کی کوشش

تائیوان کیلئے امریکی حمایت پر امریکا اور چین کے تعلقات میں تناؤ بڑھا
شائع 18 ستمبر 2023 09:50am
تصویر/ فائل
تصویر/ فائل

امریکا اورچین کے اعلیٰ سفارت کاروں نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کو ہموار کرنے کی کوشش کرتے ہوئے اہم ملاقات کی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک کے سفارت کاروں کی ملاقات یورپی ملک مالٹا میں ہوئی، جہاں انہوں نے بائیڈن اور ژی جن پنگ کے درمیان رواں سال نومبر میں ہونے والی ملاقات کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کی ہے۔

امریکا اور چین کے مطابق وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے مالٹا میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے متعدد بار ملاقات کی، جہاں الگ الگ بیانات سے واضح ہوا کہ ان کے درمیان صاف، ٹھوس اور تعمیری بات چیت ہوئی ہے۔

اتوار کو وائٹ ہاؤس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دونوں عہدیداروں نے امریکا اور چین کے دوطرفہ تعلقات، عالمی اور علاقائی سلامتی کے خدشات، یوکرین کے خلاف روس کی جنگ اور تائیوان کے مسائل پر بات چیت کی ہے۔

بائیڈن انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار نے کہا کہ محدود ابتدائی علامات یہ ہیں کہ دونوں فریقوں کے درمیان فوجی رابطے بحال ہونا شروع ہو سکتے ہیں۔

امریکی اہلکار نے روئٹرز کو بتایا کہ چین دونوں ممالک کے درمیان تنازعات کم کرنے کے لیے استعمال ہونے والے کچھ کراس ملٹری رابطے دوبارہ کھولنے کے لیے تیار ہے جب نینسی پیلوسی اگست 2022 میں تائیوان کے دورے کے بعد ان تعلقات کو منقطع کر دیا گیا تھا۔

گزشتہ ہفتے چین کی اعلیٰ سیکیورٹی ایجنسی نے اشارہ دیا تھا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی کسی بھی ملاقات کا انحصار امریکا کی جانب سے کافی خلوص دکھانے پر ہے۔

واضح رہے کہ تائیوان کے لیے امریکی حمایت سمیت دیگر معاملات پر امریکا اور چین کے تعلقات میں تناؤ بڑھا ہے۔

china

USA