Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

جسٹس فائز عیسیٰ کی تقرری: ’امید ہے عدل کے ایوانوں میں عدل کی روایات کا ڈنکا بجے گا‘

دعاہے کہ ترازو کے پلڑے سب کیلئے برابر ہوں، مریم نواز
اپ ڈیٹ 17 ستمبر 2023 04:50pm

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے نئے چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے عدل کے ایوانوں میں عدل کی روایات کا ڈنکا بجے گا۔

شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ عدل آئین، قانون اور ضابطوں کی پاسداری سے ہی ممکن ہے، عوام عدل وانصاف کی فراہمی کے منتظر ہیں۔

چیف آگنائزر ن لیگ مریم نواز کا بھی کہنا تھا کہ امید ہے آج سے عدل کے ایوانوں میں انصاف کی واپسی ہوگی۔

لاہور میں لاہور مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی وطن واپسی کی تیاریوں کے سلسلے میں مریم نواز کی زیرصدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں مختلف تنظیموں کے عہدیدار شریک ہوئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو اللہ تعالیٰ نے سرخرو کر دیا، اب پاکستان کو سرخرو کرنا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے بغض میں عوام کو سزا دی گئی، امید ہے کہ آج سے عدل کے ایوانوں میں انصاف کی واپسی ہوگی، اور نوازشریف اور ان کے مظلوم ساتھیوں کو“ پروجیکٹ“ کے کارندوں کی ناانصافیوں سے نجات ملے گی، دعا ہے کہ ترازو کے پلڑے سب کیلئے برابر ہوں۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کو ایک نئی شروعات کی ضرورت ہے، صوبہ سندھ سمیت پاکستان کے کونے کونے میں ترقی کا سفر لے کر جائیں گے، ہماری لڑائی مہنگائی، معاشی بدحالی اور بیڈ گورننس سے ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ نواز شریف ہی پاکستان اور عوام کے دکھوں کا علاج ہے، صرف ان کے پاس ہی پاکستان کی سربلندی اور ترقی کا منصوبہ ہے، اور انہوں نے ہمیشہ عوام کو ریلیف دیا۔

حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ عوام نواز شریف کو وزیراعظم نہیں بنا رہے، اپنی خوشحالی کو یقینی بنا رہے ہیں، نواز شریف کو ہمیشہ بحرانوں میں حکومت ملی لیکن انہوں نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا۔

PMLN

Maryam Nawaz

maryiam nawaz