حافظ نعیم کا 6 اکتوبر کو گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے 6 اکتوبر کو سندھ گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کردیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ بلاول فرماتے ہیں کچے کے ڈاکوؤں کے پاس اسلحہ دہشت گردوں سے آیا، آپ سندھ میں 15 سال سے حکومت میں ہیں اور 8 سال وفاق میں رہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بیوقوف بنانے کا عمل زیادہ دیر تک جاری نہیں رہ سکتا، سندھ میں کچے کے ڈاکو بیٹھے ہیں تو اس کی ذمہ دار پیپلز پارٹی ہے، صوبے میں کچے اور پکے کے ڈاکوؤں کی سرپرستی حکومت کی طرف سے ہو رہی تھی۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ اب پتا چل گیا کہ ہر بھتےمیں ایم کیو ایم کا حصہ تھا، البتہ ان کے غبارے میں اب ہوا نہیں بھری جا سکتی، کراچی اور حیدرآباد کے عوام اب ایم کیو ایم کو مسترد کر رہے ہیں۔
امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ 6 اکتوبر کو سندھ گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنا دیں گے، دھرنے کا دورانیہ بیٹھنے کے بعد ہی طے کریں گے جب کہ پرامن احتجاج ہی مسائل کا حل ہے۔
Comments are closed on this story.