Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

نگراں وزیراعظم سمیت رہنماؤں کی حافظ حمد اللہ کی صحتیابی کیلئے دعائیں

سڑک کنارے دھماکے کے نتیجے میں رہنما جے یو آئی سمیت 11 افراد زخمی ہوئے
اپ ڈیٹ 14 ستمبر 2023 06:52pm
فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب

نگراں وزیراعظم سمیت سیاسی و سماجی رہنماؤں نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے رہنما جے یو آئی حافظ حمد اللہ کی جلد صحتیابی کیلئے دعائیں کی ہیں۔ کراچی کوئٹہ ہائی وے پر سڑک کنارے دھماکے کے نتیجے میں رہنما جے یو آئی سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مستونگ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے حافظ حمد اللہ سمیت دیگر افراد کے زخمی ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ بزدلانہ حملے کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔

انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔

نگران وزیر اعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔

’پوری قوم دہشت گردی کےخلاف متحد ہے‘

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بھی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ فعل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، پوری قوم دہشت گردی کےخلاف متحد ہے۔

’قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے‘

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے دھماکے کی مذمت کی اور اس کے نتیجے میں حافظ حمد اللہ و دیگر کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان کے سکیورٹی ادارے دہشت گردی کے ناسورسے نبرد آزما ہیں، دہشت گردی کو شکست دینے کے لئے قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے۔

شہباز شریف کی مذمت

سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ایکس ( ٹوئٹر) پر پیغام میں لکھا کہ مستونگ میں جمیعت علمائے اسلام کے رہنما حافظ حمداللہ اور ان کے دیگر ساتھیوں کے دھماکے میں زخمی ہونے کی افسوسناک اطلاع موصول ہوئی۔ اس بزدلانہ دہشت گرد حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

انھوں نے کہا کہ نگران حکومت سے اپیل ہے کہ حملے میں ملوث دہشتگردوں کا سراغ لگا کر انہیں جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ اللہ پاک حافظ حمداللہ سمیت تمام زخمیوں کو جلد صحتیاب کرے، آمین

سابق صدر آصف علی زرداری کی مستونگ میں بم دھماکے کی مذمت

آصف زرداری نے حافظ حمد اللہ سمیت تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ دہشتگردی میں ملوث دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی مستونگ بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے حافظ حمد اللہ کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت دہشت گردی میں ملوث تمام کرداروں کیخلاف کارروائی کرے۔

’دھماکے میں ملوث دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں‘

نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی اور صوبائی نگراں وزیر داخلہ زبیر جمالی نے مستونگ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی صحتیابی کے لیے دعا کی ہے۔

علی مردان ڈومکی نے کہا کہ مستونگ دھماکے میں ملوث دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور بحالی امن کے لیے اقدامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔

نگراں وزیر داخلہ بلوچستان محمد زبیر جمالی نے حافظ حمد اللہ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔

یاد رہے کہ کوئٹہ میں کراچی کوئٹہ ہائی وے پر سڑک کنارے دھماکے کے نتیجے میں ترجمان پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حافظ حمد اللہ سمیت 11 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں غوث بخش رئیسانی اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسی ضمن میں ترجمان جمعیت علمائے اسلام ایف (جے یو آئی) نے حافظ حمد اللہ کی دھماکے میں زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حافظ حمد اللہ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

طاہر اشرفی کی مذمت

چیئرمیں علماء کونسل حافظ طاہر اشرفی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ حافظ حمداللہ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، ملک میں بین المسالک ہم آینگی وقت کی ضرورت ہے۔

quetta

Quetta Blast

hafiz hamdullah