ایران کے رونالڈو سمیت کئی فٹبالرز کو مخصوص سم کارڈز دینے پر تنازعہ
النصر کلب کیلئے کھیلنے والے پرتگالی اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور دیگر غیر ملکی فٹبالرز کو ایران آمد پر مخصوص سِم کارڈز دیے جانے کی خبروں پر تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی فٹبال کلب النصر اگلے ہفتے ایران کے دارالحکومت تہران میں ایرانی فٹبال کلب کے ساتھ اے ایف سی چیمپئنز لیگ کا میچ کھیلنے آئے گا۔
الجزیرہ کے مطابق یہ خصوصی سم کارڈز اس لیے فراہم کیے جائیں گے تاکہ کھلاڑیوں کو ملک میں جاری انٹرنیٹ پر پابندیوں کے دوران باآسانی آن لائن دنیا تک رسائی حاصل ہوسکے۔
اس معاملے پر ایرانی شہریوں کا مؤقف ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو کو ایسی خدمات پیش کرنا اپنے لوگوں کی توہین اور ان کے ساتھ امتیازی سلوک ہوگا کیونکہ مقامی شہری مکمل انٹرنیٹ پر رسائی حاصل نہیں کرسکتے۔
خیال رہے کہ ایران میں انٹرنیٹ پر بہت زیادہ پابندیاں عائد ہیں، وہاں متعدد ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بلاک کردیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق لاکھوں ایرانی باقاعدگی سے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (VPN) کا استعمال کرتے ہیں جو صارفین کے مقام کو چھپاتے ہیں، لیکن حکام نے گزشتہ سال سے ان ٹولز پر بھی بہت زیادہ پابندیاں لگا دی ہیں۔
ایرانی فٹبال کلب کے صدر رضا درویش نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ کچھ لوگ ہمیں بدنام کرنا چاہتے ہیں جو فٹبالرز سے کہتے ہیں کہ ایران نہ جائیں کیونکہ وہاں ان کے پاس انٹرنیٹ تک رسائی نہیں ہوگی۔ اسی لیے کھلاڑیوں کو مخصوص سم کارڈز جاری کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔
Comments are closed on this story.