Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

اٹک جیل میں سماعت کا تحریری فیصلہ جاری، عمران خان کا جیل حکام کے رویے پر اطمینان کا اظہار

چیئرمین پی ٹی آئی نے اٹک جیل میں خود کے محفوظ ہونے کا بھی بتایا۔
شائع 13 ستمبر 2023 06:47pm
علامتی تصویر: اے ایف پی
علامتی تصویر: اے ایف پی

آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے آج اٹک جیل میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف سائفر کیس کی ان کیمرا سماعت کی، جس کا 4 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا ہے۔

آج کی سماعت کے تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وزارتِ قانون نے عمران خان کے خلاف اٹک جیل میں سماعت مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا، سیکریٹ ایکٹ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی سے اٹک جیل حکام کے رویے سے متعلق سوال کیا گیا، عمران خان نے اٹک جیل حکام کے رویے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے اٹک جیل میں خود کے محفوظ ہونے کا بھی بتایا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی سے جیل میں مشکلات یا شکایت کے بارے میں سوال کیا جس پر عمران خان نے جیل میں سہولیات کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں کی۔

عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو جیل مینوئل کے تحت عمران خان کو سہولیات مہیا کرنے کی ہدایت کی اور یہ حکم بھی دیا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت کے لیے تمام سہولیات مہیا کریں۔

تحریری فیصلے میں بتایا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی بشریٰ بی بی سے علیحدہ ملاقات کا وقت بڑھانے کی درخواست کی گئی جس پر اٹک جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت جاری کر دی گئی ہیں۔

عدالتی فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ تفتیشی افسر کی جانب سے سائفر کیس کا چالان تاحال جمع نہیں کرایا گیا، تفتیشی افسر نے سائفر کیس کا چالان جمع کروانے کے لیے وقت مانگا ہے، تفتیشی افسر کو چالان آئندہ سماعت سے قبل جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے اور کیس کی سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

فیصلے کے مطابق جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 ستمبر تک توسیع کر دی۔

imran khan

District Jail Attock

In Camera Hearing