Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

نگراں وزرائے قانون کا اجلاس، ’انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا اختیار الیکشن کمیشن کا ہے‘

مالی بوجھ سے بچنے کے لیے قومی چاروں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی دن ہونے چاہئیں، اعلامیہ
شائع 13 ستمبر 2023 12:55pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

نگران وفاقی وزیر قانون و انصاف احمد عرفان اسلم کی زیرصدارت اجلاس میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا واحد اختیارالیکشن کمیشن کا ہے، مالی بوجھ سے بچنے کے لیے قومی چاروں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی دن ہونے چاہئیں۔

اسلام آباد میں ہونے والے تمام صوبوں کے نگران وزرائے قانون کے اجلاس میں تمام صوبائی وزرائے قانون نے انتخابات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زوردیا۔

جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آئین کے مطابق عام انتخابات کے انعقاد اورانتخابات کی تاریخ کا اعلان کا واحد اختیارالیکشن کمیشن کا ہے، غیرضروری مالی بوجھ سے بچنے کے لیے تمام اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی دن ہونے چاہئیں۔

اجلاس میں کنور دلشاد ،محمد عمر سومرو ، ارشد حسین شاہ اور امان اللہ کنرانی شریک ہوئے۔ قومی اورصوبائی اسمبلیوں کے آئندہ عام انتخابات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے الیکشن کمیشن ایک آزاد آئینی ادارہ ہے ۔ تمام ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کی خودمختاری کا احترام کریں حلقہ بندیوں اور انتخابی شیڈول کے تعین میں الیکشن کمیشن کے اختیار کا احترام کیا جائے۔

جاری اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اجلاس میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے حکومتی عزم کو اجاگر کیا گیا، وفاقی اور صوبائی حکومتیں جمہوری اور جامع انتخابی ماحول کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں ۔

ECP