لندن: نگراں وزیر خارجہ کی زیرصدارت دولت مشترکہ یوتھ منسٹرز اجلاس
نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کی زیر صدارت لندن میں دسواں دولت مشترکہ یوتھ وزارتی اجلاس ہوا، جس میں دنیا بھر سے چھیالیس وزرا نے شرکت کی۔
لندن میں منعقدہ کامن ویلتھ یوتھ منسٹرز اجلاس کے موقع پر نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ اجلاس میں 4 موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
جلیل عباس نے مزید بتایا کہ اجلاس میں شراکت داری، تعلیم، روزگار اور ماحولیات کے امور پر بات چیت کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ اجلاس کے شرکا نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ترقی کے مواقع پیدا کرنے کا عزم کیا۔
نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا اجلاس بڑی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوانوں کی فلاح و بہبود ہماری ترجیح ہونی چاہئے۔
نگراں وزیر خارجہ نے کہا کہ نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنا ہم سب کا کام ہے، نوجوانوں کی تعلیم وتربیت پرخصوصی توجہ دینی چاہئے، انہیں آگے بڑھنے کےلیے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار اور مفید شہری بنانا ہوگا، حکومت پاکستان نوجوانوں کو بہترین مواقع فراہم کررہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔
پاکستانی ٹرک آرٹ کی نمائش
لندن میں کامن ویلتھ یوتھ منسٹرز اجلاس کے موقع پر روایتی پاکستانی ٹرک آرٹ کی نمائش بھی ہوئی۔
پاکستانی ٹرک آرٹ کی نمائش مندوبین کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔
مندوبین نے ٹرک آرٹ سے مزئین گاڑیوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔
سیکریٹری جنرل کامن ویلتھ نے نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس کے ہمراہ نمائش کا معائنہ کیا۔ سیکریٹری جنرل نے ٹرک آرٹ کی خوبصورتی کی تعریف کی۔
Comments are closed on this story.