Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سولر نیٹ میٹرنگ صارفین کیلئے مراعات کم نہیں کر رہے، نگراں وزیر توانائی

حکومت صنعتی صارفین کے لیے اضافی ٹیرف متعارف کرائے گی
اپ ڈیٹ 12 ستمبر 2023 12:14pm

نگراں وزیر توانائی و پٹرولیم محمد علی کا کہنا ہے کہ حکومت کا سولر نیٹ میٹرنگ کے لیے مراعات کم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پرسولر نیٹ میٹرنگ کی شرح میں تبدیلی کی خبریں سرگرم تھیں کہ حکومت نیٹ میٹرنگ صارفین سے خریدی جانے والی بجلی کی قیمت خرید 19 روپے سے کم کر رہی ہے یا پھر بجلی کی خریداری ہی بند کر رہی ہے۔

پیر کے روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیر توانائی و پٹرولیم نے واضح کیا کہ ایسا کوئی قدم نہیں اٹھایا جا رہا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت 31 اکتوبر سے قبل صنعتوں میں بجلی صارفین کے لیے خصوصی اضافی ٹیرف کا اعلان کرے گی تاکہ ان صارفین کو سستی بجلی فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ توانائی صارفین پر بوجھ کم کرنے کے لیے حکومت موسم سرما کے لیے خصوصی ٹیرف پر کام کر رہی ہے۔

نگراں وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت نے بجلی چوری کیخلاف سخت اقدامات اور کارروائیاں شروع کردی ہیں اور اس حوالے سے ملک بھر میں کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم نے ڈسٹری بیوشن اور دیگر کمپنیوں میں کام کرنے والوں کا تبادلہ کردیا ہے جو بجلی چوری میں ملوث تھے، ہم نے گیس چوری کے خلاف بھی کریک ڈاؤن شروع کیا ہے‘۔

نیٹ میٹرنگ پالیسی ختم ہوئی تو سولر پینلز کی فروخت متاثر ہوگی، ماہرین

اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ حکومت نیٹ میٹرنگ کو مزید ریگولیٹ کرنے کے مقصد سے ایک آرڈیننس جاری کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے کیونکہ جن لوگوں نے اپنی چھتوں پر سولر پینل نصب کیے ہیں ان کی وجہ سے نادانستہ طور پر آئی پی پیز کو ادائیگی میں اضافہ ہوا ہے۔

ایک سینئر عہدیدار نے آج نیوز کو تصدیق کی تھی کہ نیٹ میٹرنگ کی تجویز سامنے آئی ہے۔

electricity

solar energy

electricity bills

Electricity theft

Solar panels

Net Metering