Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

’عبوری صدر باز رہیں، انتخابات کا اعلان الیکشن کمیشن نے کرنا ہے‘

یہ سب کچھ اٹک میں بیٹھے شخص کی وجہ سے ہورہا ہے، عطاء تارڑ
اپ ڈیٹ 11 ستمبر 2023 05:31pm
تصویر: اے پی پی
تصویر: اے پی پی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ صدرِ مملکت کے عہدے کی میعاد 9 ستمبر کو ختم ہوچکی ہے، صدرِ مملکت کو اختیار کس نے دیا کہ الیکشن کی تاریخ دیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی نگراں وزیر قانون سے الیکشن کی تاریخ دینے کے حوالے سے مشاورت کے بعد قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں کہ صدر جلد انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے والے ہیں۔

جس کے بعد ن لیگی رہنما عطاء تارڑ نے لاہور میں پریس کانفرنس کی اور کہا کہ عارف علوی اس وقت عبوری صدر ہیں، لیکن ان کےعبوری صدر ہونے کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ پر صدر مملکت نے وزارت قانون سے رائے مانگی ہے، الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 ستمبر کے بعد آرٹیکل 58 غیر فعال ہوچکا ہے۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی معیشت کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش کرتی ہے، یہ بے یقینی کی فضا اپنے بیانیے کیلئے پیدا کرتے ہیں، یہ سب کچھ اٹک میں بیٹھے شخص کی وجہ سے ہورہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عبوری صدر باز رہیں، انتخابات کا اعلان الیکشن کمیشن نے کرنا ہے۔ الیکشن کمیشن اور حکومت صدرکے احکامات ماننے کے پابند نہیں ہیں۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ آٸی ایم ایف معاہدے کے ثمرات کو عارف علوی نقصان پہنچا رہے۔

دوسری جانب ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈاکٹر عارف علوی صدارتی مدت پوری ہونے پر ایوان صدر خالی کرنے کی تاریخ دیں، اپنا بوریا بستر اٹھائیں اور پی ٹی آئی سیکریٹریٹ منتقل ہوجائیں کیونکہ یہ ریاستی، معاشی دہشت گرد اور سازشی الیکشن نہیں صرف ملک میں معاشی، سیاسی اور آئینی بحران چاہتے ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر جاری اپنے پیغام میں مریم اورنگزیب نے لکھا کہ چار سال معیشت تباہ اور ملک کو ڈیفالٹ کرنے والوں کا کٹھ پتلی ملک میں ایک نیا آئینی بحران پیدا کرنے پرتلی ہے، جس کا انہیں کوئی اختیار ہے نہ ہی سیاسی و اخلاقی جواز حاصل ہے۔

انہوں نے لکھا کہ چار سال ملک کے ساتھ معاشی اور ریاستی دہشت گردی کرنے والے 16 ماہ کے معاشی سیاسی اور خارجی پالیسی کے استحکام کے خلاف سازش کرنے والے ہیں۔ ملک میں امن اور استحکام جیل میں بیٹھے ریاستی اور معاشی دہشت گرد سے برداشت نہیں ہو رہا۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عوام کی ترقی، روزی روٹی کے دشمن آج کے حالات کے ذمہ دار ہیں۔ خود غرض سازشی موقع ملتے ہی ملک اور عوام پر ایک نیا وار کرتے ہیں۔ یہ ملک میں افراتفری، ٹکراؤ اور گند ڈالنے کی ایک اور مذموم کوشش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئینی منصب کی آڑ میں ایک اور 9 مئی کی تیاری دکھائی دے رہی ہے۔ پٹرول بم، شہدا اور قومی یادگاروں کی بے حرمتی، انارکی اور 9 مئی کی سازشوں کے وار کئے۔ ملک میں افراتفری اور فساد کی یہ سازش بھی ناکام ہوگی۔

President Arif Alvi

Atta Tarrar

Election date

general elections 2023