Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

پارکنگ کا جھگڑا 2 جانیں لے گیا، گارڈ کی فائرنگ سے بھی 2 شہری جاں بحق

بلدیہ ٹاؤن میں گارڈ نے فائرنگ کی، لیاقت آباد میں پارکنگ کے تنازع پر لڑائی ہوئی
اپ ڈیٹ 08 ستمبر 2023 08:55pm

کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤں میں نیول گیٹ کے قریب نجی سکیورٹی گارڈز کی فائرنگ سے خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ دوسری طرف لیاقت آباد ایف سی ایریا میں پارکنگ کے معاملے پر جھگڑا 2 جانیں لے گیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق خاتون کی شناخت شازیہ کے نام سے ہوئی جبکہ مرد کی شناخت شفقت حسین کے نام سے ہوئی۔

سکیورٹی گارڈز کی فائرنگ سے جاں بحق مرد اور خاتون کی لاشیں قریبی اسپتال منتقل کی گئیں۔

ایس ایس پی عارف اسلم راؤ نے بتایا کہ فائرنگ کے بعد تین سکیورٹی گارڈز کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کردیا گیا۔

ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ابتدائی بیان میں گارڈز کا کہنا تھا کہ ڈکیتی کا سن کر فائرنگ کی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شواہد اکھٹے کرنے کے بعد واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جائیں گی۔

دوسری جانب ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں دہشت گردی یا ڈکیتی مزاحمت کے شواہد نہیں ملے۔

پولیس کو شبہ ہے کہ قتل کی واردات ذاتی دشمنی یا غلط فہمی کا نتیجہ ہوسکتی ہے۔

پارکنگ کے معاملے پر جھگڑا 2 جانیں لے گیا

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں ایف سی ایریا میں بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ جھگڑے کے دوران پیش آیا، پڑوسیوں کے درمیان گاڑی کی پارکنگ پر لڑائی ہوئی۔

جاں بحق افرد کی شناخت راؤ سعید اور غوث الاعظم کے ناموں سے ہوئیں۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعہ سے دو روز پہلے سے پڑوسیوں کے درمیان جھگڑا چل رہا تھا جس کی وجہ سے علاقے میں کشیدگی پائی جا رہی تھی۔

واقعہ کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔

karachi

firing incident

Crime

Karachi Police

Karachi Street Crimes