Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں یومِ دفاع و شہداء بڑے جوش و خروش سے منایا گیا

ملک بھر میں تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد
شائع 06 ستمبر 2023 09:55pm
علامتی تصویر
علامتی تصویر

ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں یومِ دفاع و شہداء بڑے جوش و خروش سے منایا گیا۔

پنجاب کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں اس حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

حویلی لکھا میں یوم دفاع کی تقریب میں شہداء کو سلامی پیش کی گئی۔

حافظ آباد میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تقریب کا انعقاد گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج میں کیا جس میں افواج پاکستان کے شہداء کو ان کی لازوال قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ طلبا و طالبات نے ملی نغموں اور تقریروں سے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کیا

بورے والا میں میجر طفیل محمد شہید کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔

اسی طرح عارف والا کے بلدیہ آفس میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ریسکیو 1122 کے دستے نے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔

قصور میں واقع گنج شہداء قبرستان جہاں 6 ستمبر 1965 کہ 55 شہیدوں کی قبریں موجود ہیں، اس پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، 55 شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کہ لئے پاک فوج کی سلامی اور پھولوں کی چادریں چڑھائی گئی۔

سیالکوٹ میں بھی یوم دفاع کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

چنیوٹ میں یادگار شہداء پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور شہداء پاکستان کے بلندی درجات اور ملکی سلامتی کیلئے دعا کی گئی۔

خانیوال میں تقریب کا انعقاد ضلع کونسل ہال میں کیا گیا جس میں ضلعی انتظامیہ اور آرمی کے افسران نے شرکت کی، اسکول کے بچوں نے ملی نغمے اور مختلف ٹیبلوز پیش کیے۔

فیصل آبادمیں یوم دفاع کے حوالے سے ڈویژنل ماڈل کالج مین کیمپس میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب میں کمشنر، ڈپٹی کمشنر، اساتذہ طلباء وطالبات سمیت شہداء کی فیملیز نے شرکت کی۔ شرکا نے شہداء کی فیملیز کو سلامی پیش کی۔

ننکانہ صاحب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان ہمارا پیارا ملک ہے، وطن کے لئے قوم کا بچہ بچہ اپنی جان تک کا نذرانہ دینے کے لئے تیار ہے، چھ ستمبر 1965 کو ہماری بہادر افواج نے رات کی تاریکی میں حملہ کرنے والے بزدل دشمن کو وہ سبق سکھایا جسے وہ رہتی دنیا تک یاد رکھے گا۔

اسی طرح چنیوٹ، خانیوال، فیصل آباد، تاندلیانوالہ، حافظ آباد، کوٹ ادو، ننکانہ صاحب اور بہاولنگر میں بھی شہداء، غازیوں اور مجاہدوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

سندھ میں تقریبات

خیرپور میں بھی پاکستان کے 58ویں یوم دفاع پر ریلی سول سوسائٹی انجمن تاجران کے قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت وائس چانسلر خلیل احمد ای ڈی سی ٹو ظفر عباس کر رہے تھے۔

شہداد کوٹ میں یوم دفاع کی مناسبت سے پیٹریاٹک موومنٹ کی جانب سے ریلی نکال کر پاک فوج کی حمایت میں نعرے بازی کی گئی۔

رہنماؤں نے ریلی کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ پاک فوج نے ملک اور قوم کے تحفظ اورسلامتی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ پاک فوج دو محاذوں پر دشمنوں کے خلاف جدو جہد کر رہی ہے۔ پاک فوج ملکی سرحدوں کے ساتھ اندرون ملک ہونے والی سازشوں کو بھی ناکام بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کی حمایت میں میدان پر آئے تاکہ ملک کو کمزور کرنے والے اندرون اور بیرون محاذوں پر دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جائے۔

سندھے کے دیگر شہروں، میرپورخاص، لاڑکانہ، سکھر اور ٹھٹھہ میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

پاکستان

Defence Day

6 September