گلگت بلتستان کے ہزاروں طلبہ امن کیلئے متحد ہوگئے
گلگت بلتستان کے طلبہ امن کے لئے متحد ہوگئے، 4 اضلاع کے 4 ہزار طلبہ نے امن و اتحاد کے لئے نے سول سیکرٹریٹ تک پرامن مارچ کیا، اور کہا جی بی فرقہ وارانہ کشیدگی اور تنازعات سے پاک خطہ ہے۔
گلگت بلتستان میں ہزاروں طلبہ نے امن ریلی نکالی، جس میں گلگت، غذر، ہنزہ اور نگر اضلاع کے 4 ہزارطلبہ نے امن واتحاد کا پرجوش مظاہرہ کیا۔
امن ریلی کا آغاز بوائز ہائی اسکول نمبر1 گلگت سے ہوا، اور شرکا نے سول سیکرٹریٹ گلگت بلتستان تک پرامن مارچ کیا۔
ریلی کے شرکاء نے چیف سیکرٹری کے دفتر پہنچ کر امن و محبت اور اخوت کے اسلامی جذبے سے وابستگی کی قرارداد پیش کی، جس میں کہا گیا کہ ریلی کا مقصد غلط فہمیوں کاازالہ تھا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ جی بی فرقہ ورانہ کشیدگی اور تنازعات سے پاک خطہ ہے، اور اس خطے میں امن اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے حمایت کا یقین دلاتے ہیں، یہاں کشیدگی کی آگ بھڑکانے کیلئے افواہ سازی اور جھوٹی اطلاعات کا مقابلہ کیا جائے گا۔
قرارداد کے مطابق امن کے لیے طلبہ کا پاور شو یہ واضح پیغام دیتا ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگ تعلیم، ترقی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے پرعزم ہیں، یہاں کے نوجوان اخوت کے اسلامی تصور سے اپنی غیر متزلزل وابستگی کے علمبردار ہیں، اورگلگت بلتستان کے امن پسند طرز زندگی میں خلل ڈالنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف متحد ہیں اور متحد رہیں گے۔
Comments are closed on this story.