Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پرویزالہیٰ کے وکلا پولیس افسران کو اپنے ہاتھوں سے سزا دے دیں، عطا تارڑ

اربوں روپے کی کرپشن کرنے والے پرویزالہیٰ کا درد رکھنے والوں پر سوالیہ نشان ہے، عطا تارڑ
شائع 04 ستمبر 2023 09:53am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ پرویزالہیٰ کے وکیل پولیس افسران کو اپنے ہاتھوں سے سزا دے دیں، سابق وزیراعلیٰ کا اتنا درد ہے کہ ڈی آئی جی کو کہا گیا انہیں گھر چھوڑ کر آئیں، یہ سسٹم پر سوالیہ نشان ہے۔

اپنے ویڈیو بیان میں ن لیگ کے رہنما عطا تا رڑ کا کہنا تھا کہ پرویزالہیٰ کے وکلا کا دعویٰ ہے کہ وہ پولیس افسران کو سزائیں دلوا کر رہیں گے، وہ کہہ رہے ہیں کہ ہماری بات ہوگئی ہے اور عدالت کل ہی نوٹس کرے گی، اور کل ہی پولیس افسران کو سزائیں سنا دے گی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ اربوں روپے کی کرپشن کرنے والے اس شخص نے ہمیشہ یہ بھڑکیں ماری ہیں کہ ہم نے کورٹ کو مینج کرلیا ہے، اور اگر پرویزالہیٰ کے وکیل بھی پہلے سے ہی دعویٰ کررہے ہیں کہ وہ افسران کو سزائیں دلوا دیں گے، تو سسٹم پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے کہ اربوں روپے کی کرپشن کا 2300 ارب روپے کہاں جاتا ہے۔

عطاتارڑ نے کہا کہ وکلا کے قبل از وقت دعوے عدلیہ پر بھی سوالیہ نشان اور افسوسناک ہیں، اور پھر پولیس افسران کو کیا قصور ہے جن کے پاس اسلام آباد پولیس کا واضح حکمنامہ موجود تھا، اور پھر بھی ڈی آئی جی آپریشنز سوال کررہے تھے کہ آرڈر کہا ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ اگر پرویزالہیٰ کے وکلا کا مقصود پولیس افسران کو سزائیں دلوانا ہی ہے تو آپ اپنے ہاتھ سے سزا دے دیتے، اس ملک میں احد چیمہ کی 3 سال تک کسی نے ضمانت کی درخواست نہیں سنی اور پرویزالہیٰ کا اتنا درد ہے کہ اربوں روپے کی کرپشن کرنے والے کے لئے حکم آتا ہے کہ ڈی آئی جی انہیں گھر تک چھوڑ کرآئے۔

عطاتارڑ نے کہا کہ کل سے ہم خبریں سن رہے ہیں، اگر آپ میٹنگز میں وکلا کو بٹھا کر یہ بتاتے ہیں کہ کل میں پولیس افسران کو سزا دینے والا ہوں تو یہ آپ پر اور سسٹم پر سوالیہ نشان ہے، ایسا نہیں ہوسکتا ہے کہ آپ پہلے سے ہی طے کرلیں کہ کس کو سزا دینی ہے ۔

Pervaiz Elahi

Atta Tarrar