Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

انتخابات کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال فوری ختم ہونی چاہیے، ہیومن رائٹس کمیشن

کمیشن کا کہنا ہے کہ اسے اداروں کی جانب سے انتخابی عمل میں ہیرا پھیری کی گنجائش پر تشویش ہے۔
شائع 03 ستمبر 2023 07:55pm
علامتی تصویر: اے ایف پی
علامتی تصویر: اے ایف پی

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کی گورننگ کونسل نے اتوار کو ہوئے ایک اجلاس میں عام انتخابات سے متعلق غیر یقینی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ہیومن رائٹس (انسانی حقوق) کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں اصرار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان انتخابی شیڈول کا اعلان فوری طور پر کرے تاکہ انتخابات مقررہ 90 دن کی مدت سے قریب تر ہوں۔

بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ حلقہ بندیوں کے عمل کو بھی تیزی اور مؤثر طریقے سے مکمل کیا جائے اور کسی بھی صورت میں انتخابات میں مزید تاخیر کا بہانہ نہ بنایا جائے۔

ہیومن رائٹس کمیشن نے نادرا جیسے اداروں کی طرف سے انتخابی عمل میں ہیرا پھیری کی گنجائش پر تشویش کا اظہار کیا اورالیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ اس امکان کو ختم کرے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ہیومن رائٹس کمیشن بڑھتے ہوئے پولرائزڈ ماحول سے بہت پریشان ہے، جس میں مذہبی اور فرقہ وارانہ تقسیم کو مبینہ طور پر انتہائی دائیں بازو کی جماعتوں کے لیے مصنوعی سیاسی جگہ پیدا کرنے کے لیے بڑھایا جا رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ خیبرپختونخوا میں مسلسل دہشت گردی کے واقعات نے سیاسی جماعتوں کو صوبے میں انتخابی مہم چلانے کے حوالے سے خوف میں مبتلا کیا ہوا ہے، جس کا ہم پہلے بھی مشاہدہ کر چکے ہیں اور دوبارہ ایسا نہیں ہونا چاہئیے۔

ہیومن رائٹس کمیشن کے مطابق آزادانہ، منصفانہ اور قابل اعتماد انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے علاوہ، موجودہ نگران حکومت کا امتحان یہ ہے کہ وہ نہ صرف یہ دیکھے کہ آیا وہ لوگوں کے پرامن احتجاج کرنے کے حق کا تحفظ اور احترام کرے گی، بلکہ یہ بھی کہ وہ ان مسائل کا جواب دے گی جو عام شہریوں کو درپیش ہیں۔

general elections 2023

Human Rights Commission of Pakistan (HRCP)