’پیپلز پارٹی عام انتخابات میں ن لیگ سمیت کسی جماعت سے اتحاد نہیں کرے گی‘
پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ ’پیپلز پارٹی عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) سمیت کسی جماعت سے الیکشن اتحاد نہیں کرے گی‘۔
ٹھٹھہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے پلیٹ فارم پر عام انتخابات لڑے گی، ہر الیکشن میں پی پی پی مخالف اتحاد بنتے ہیں، مخالفین کا اتحاد ہی انتخابات سے قبل شکست کا اعتراف ہے۔
نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ کارکنان عام انتخابات کی تیاری کریں، آئینی طور پر انتخابات 90 دن میں کرائے جائیں، حلقہ بندیوں میں جب نشستیں بڑھ نہیں رہی تو پھر حلقہ بندیوں میں اتنا وقت کیوں ضائع کیا جا رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ آئینی مدت میں انتخابات ہوں اور عوام کی منتخب حکومت وجود میں آئے۔ آئین کے ہوتے ہوئے ملک میں صدارتی نظام نہیں آسکتا، اگر آئین کو توڑنے کی ہمت ہے تو پھر صدارتی نظام لا کر دکھائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت لمبہ عرصہ حکومت نہیں کرسکتی یہ عمل غیرآئینی ہوگا، نگراں حکومت دو سال حکومت کرنے کا سوچے بھی نہیں ورنہ سخت عوامی رد عمل آئے گا۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی احتساب کے خلاف نہیں ہے، لیکن اگر کسی پر مقدمہ ہے تو عدالت میں ثابت کیا جائے۔
پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم اور جی ڈی اے روزگار کے خلاف ہیں، لوگوں کے روزگار پر لات مارنا عوام دشمنی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :
حلقہ بندیاں 30 نومبر تک مکمل، انتخابات جلد سے جلد ہونگے، الیکشن کمیشن
مردم شمادی کی اشاعت کے بعد حلقہ بندیاں، الیکشن کمیشن کاآرڈر جاری
انھوں نے کہا کہ نگراں حکومت بھی مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ عمران حکومت کے آئی ایم ایف سے معاہدے کی خلاف ورزی کی وجہ سے ملک کی معیشت پر بوجھ پڑا۔
Comments are closed on this story.