Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی: ٹینک میں گرنے والے بچے کا قتل یا مجرمانہ غفلت، 3 ملزمان گرفتار

والد کا بچے کو ڈبو کر قتل کرنے کا الزام، پولیس کو گرفتار ملزمان کی مبینہ غفلت برتنے کا شبہ
شائع 03 ستمبر 2023 07:25pm
فوٹو ــ آرٹ ورک
فوٹو ــ آرٹ ورک

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں 26 اگست کو پانی کے ٹینک سے 7 سالہ سبحان کی لاش ملی تھی، پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان میں زیر تعمیر مکان کا چوکیدار، ٹھیکدار اور مالک کا بیٹا شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق سبحان کی لاش زیر تعمیر عمارت کے پانی کے ٹینک سے ملی تھی۔ واقعے کا مقدمہ سپر مارکیٹ تھانے میں بچے کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

مقدمے میں قتل کی دفعہ شامل کی گئی، مدعی مقدمے کے مطابق سبحان کو کئی مقامات پر تلاش کیا لیکن کچھ معلوم نہیں ہوا تھا۔

والد کے مطابق بچے کو علاقے میں زیرتعمیر مکان میں تلاش کرنا چاہا تو چوکیدار اسماعیل نے روک دیا، زبردستی مکان میں داخل ہوئے تو ٹینک میں سبحان کے کپڑے نظر آئے، جاکر دیکھا تو سبحان کی لاش پڑی تھی۔

والد نے الزام عائد کیا کہ بیٹے سبحان کو ٹینک میں ڈبو کر قتل کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ایم ایل او کے دوران بچے سے کسی قسم کی زیادتی یا تشدد کے شواہد نہیں ملے، واقعہ مبینہ طور پر گرفتار ملزمان کی غفلت کے باعث پیش آیا۔

یہ بھی پڑھیں :

کراچی میں تین سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق

کراچی: کیماڑی میں ایک اور بچہ جاں بحق، اموات کی تعداد 19 ہوگئی

واقعہ کے حوالے سے پولیس نے مزید بتایا کہ پانی کے ٹینک کا ڈھکن مکمل طور پر نہیں بنایا گیا تھا، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

karachi

Murder

Child Rape

Karachi Police

child torture