Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پیسے نہ ہونے پر بیٹی کو 8 ماہ تک اسکول نہیں بھیج سکا، عمر اکمل رو پڑے

کرکٹ پر پابندی کے دوران آنے والی مشکلات کو یاد کرکے عمر اکمل رو پڑے
شائع 26 اگست 2023 08:34pm

پاکستانی کرکٹر عمر اکمل ماضی میں کرکٹ پر پابندی کے دوران زندگی میں آنے والی مشکلات پر بات کرتے ہوئے اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہوگئے اور کہا کہ پیسے نہ ہونے کی وجہ سے بیٹی کے اسکول کی فیس جمع نہیں کرسکا اور وہ 8 ماہ تک اسکول نہیں گئی۔

حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں پر بطور مہمان شرکت کرنے والے عمر اکمل سے میزبان نے جب ان کے کیرئیر کے تلخ ترین دنوں سے متعلق سوال کیا جس پر کرکٹر نے کہا کہ ’میں یہاں کسی کا نام نہیں لوں گا، جو گزر گیا اس کو دہرایا نہیں جاتا ہے۔

مزید پڑھیں

عمر اکمل کیلئے کیا نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا

گریم اسمتھ عمر اکمل کے حق میں بول پڑے

عمر اکمل کی پابندی کیخلاف درخواست موصول ہونے کی تردید

عمر اکمل کا کہنا تھا کہ اللہ لے کر بھی آزماتا ہے اور دے کر بھی آزماتا ہے، جب میرے اوپر مشکل وقت آیا تو بہت سے لوگوں کا اصل چہرہ سامنے آیا، ایک وقت تھا جب لوگ میری ایک کال پر فون اٹھاتے تھے لیکن اس برے وقت میں انہوں نے بھی میرا ساتھ چھوڑ دیا، جو لوگ میرے ساتھ آج بھی کھڑے ہیں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

عمر اکمل نے کرکٹ پر پابندی کے دوران آنے والے چیلنجز کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جو مشکل وقت میں نے گزارا ہے وہ کسی دشمن پر بھی نہ آئے، میں اب کرکٹ میں کم بیک کرنے کی کوشش کررہا ہوں، اللہ پر یقین ہے کہ اپنی محنت سے آگے بڑھوں گا اور پاکستان کے لیے ایک بار پھر کھیلوں گا۔

انہوں نے کہا کہ میرے حالات اتنے خراب ہوگئے تھے کہ اس وقت میرے پاس بیٹی کو برگر کھلانے کے پیسے نہیں تھے، یہاں تک کہ اسکول کی فیس بھی جمع نہیں کرواسکتا تھا، بیٹی کو 8 ماہ تک اسکول نہیں بھیج سکا، لیکن اس مشکل وقت میں میری اہلیہ نے مجھے مایوس نہیں ہونے دیا۔

کرکٹر نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ جب بھی وہ وقت یاد کرتا ہوں تو میری آنکھوں میں آنسو آجاتے ہیں، آج اللہ کا شکر ہے کہ گھر کے حالات بہتر ہوگئے ہیں، میں اپنی اہلیہ کا جتنا شکریہ ادا کروں اتنا کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری اہلیہ عبدالقادر کی بیٹی ہیں جو منہ میں سونے کا چمچہ لے کر پیدا ہوئی تھیں، انہوں نے مجھے کہا کہ چاہے جتنے بھی مشکل حالات ہوں میں آپ کا ساتھ دوں گی اور اس کے لیے میں ان کا بہت شکر گزار ہوں۔

واضح رہے کہ فروری 2020 میں پی سی بی نے اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی پر عمر اکمل کو معطل کیا، کرکٹر کے خلاف میچ فکسنگ کی پیشکش کو رپورٹ نہ کرنے پر پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے کارروائی کی تھی۔

جس کے خلاف عمر اکمل نے عالمی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کی تھی، عمراکمل کو پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر تین سال کی سزا سنائی گئی تھی جسے آزاد ایڈجیوڈیکٹر نے کم کر کے 18 ماہ کر دیا تھا۔

lahore

pakistani crickter

umar akmal

Ban on cricket