Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

تیسرے ون ڈے میں پاکستان کا افغانستان کو جیت کیلئے 269 رنز کا ہدف

قومی ٹیم نے مقرررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 268 رنز بنائے
اپ ڈیٹ 26 اگست 2023 06:59pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ کرک انفو
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ کرک انفو

پاک افغان سریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو جیت کے لیے 269 رنز کا ہدف دے دیا۔

سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلے جارہے 3 میچوں کی سیریز کے آخری ایک روزہ میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

قومی ٹیم نے مقرررہ 50 اوورز میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان کی جانب سے اوپنر انعام الحق اور فخر الزمان نے اننگز کا آغاز کیا، پاکستان کو جلد ہی 8 ویں اوور میں 36 کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا جب فخر الزمان گلبدین نائب کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 5 چوکوں کی مدد سے 33 بالوں پر 27 رنزسکور کیے۔

گزشتہ میچ ہی کی طرح انعام الحق کا ساتھ دینے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کریز پر آئے تو انہوں نے انعام الحق کے ساتھ مل کر قومی ٹیم کے اسکور کو 52 رنز پر پہنچایا ہی تھا کہ 12.5 اوورز میں پاکستان کی دوسری وکٹ بھی گر گئی۔

پاکستان کے اوپنر بیٹر انعام الحق بھی گلبدین نائب ہی کی گیند پررحمان اللہ گرباز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، وہ بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور ایک چوکے کی مدد سے 30 بالوں پر 13 رنز بناسکے۔

اس کے بعد کریز پر موجود کپتان بابراعظم کا ساتھ دینے کے لیے مِڈل آرڈر بیٹسمین اور وکٹ کیپر رضوان میدان میں اترے تو دونوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 36.5 اوورز میں 162 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کو تیسرا بڑا نقصان بابر اعظم کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا جب قومی ٹیم کے کپتان ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 86 بالوں پر 60 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، انہیں راشد خان کی گیند پر رحمان اللہ گرباز نے کیچ پکڑ کر پویلین واپس بھیج دیا۔

پاکستان کی چوتھی وکٹ 38.3 اوور میں 180 کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب سعود شکیل کو رحمان اللہ گرباز نے رن آوٹ کر دیا، انہوں نے 2 چوکوں کی مدد سے 6 بالوں پر 9 رنز اسکور کیے۔

اس کے ساتھ ہی پاکستان کی پانچویں وکٹ 39.2 اوورز میں 184 کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب وکٹ کیپر محمد رضوان ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 79 گیندوں پر 67 رنز کرنے کے بعد فرید احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔

قومی ٹیم کی چھٹی وکٹ 40.6 اوورز میں 189 کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب شاداب خان مجیب الرحمان کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، انہوں نے 8 گیندوں پر 3 رنز اسکور کیے۔

گرین شرٹس کی ساتویں وکٹ 48.5 اوور میں 250 کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد نواز ایک چھکے 2 چوکوں کی مدد سے 25 بالوں پر 30 رنز اسکور کرنے کے بعد فضلِ حق کی گیند پر ریاض حسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کو آٹھواں نقصان فہم اشرف کی صورت میں اٹھانا پڑا، انہوں نے 2 گیندوں پر 2 رنز ہی اسکور کیے اور انہیں فرید احمد کی گیند پر رحمان اللہ گرباز نے کیچ پکڑ کر آؤٹ کیا

ساتویں نمبر پر کھیلنے کے لیے آنے والے سلمان علی آغا نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک چھکے اور 4 چکوں کی مدد سے 31 بالوں پر 38 رنز اسکور کر کے پاکستان کے مجموعی اسکور کو 268 رنز تک پہنچا دیا۔

اس طرح پاکستان نے افغانستان کو جیت کے لیے 269 رنز کا ہدف دیا ہے۔

افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب نے 2 ، فرید احمد نے 2، فضل حق فاروقی، مجیب الرحمان اور راشد خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تیسرے میچ میں کامیابی سے نمبر ون بننے کی کوشش کریں گے، بابر اعظم

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے بتایا کہ تیسرے میچ میں کامیابی سے ون ڈے رینکنگ پر نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

کپتان قومی ٹیم کا کہنا تھا کہ پہلے 10 اوورز مشکل ہوں گے، زیادہ سے زیادہ رنز بناکر افغان ٹیم پر دباؤ بڑھائیں گے۔

افغان ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے کہا کہ سیریز کے آخری میچ میں کامیاب ہوکر ایشیا کپ کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

قومی ٹیم میں 4 تبدیلیاں

آج قومی ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی گئیں، ٹیم میں محمد نواز، فہیم اشرف، وسیم جونیئر اور سعود شکیل کو شامل کیا گیا ہے، سعود شکیل کا یہ ڈیبیو میچ ہے جبکہ جبکہ حارث رؤف، نسیم شاہ، افتخار احمد اور اسامہ میر کو آرام دیا گیا ہے۔

آخری ون ڈے کیلئے افغانستان کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں

دوسری جانب سیریز کے آخری میچ کے لیے افغانستان کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

آل راؤنڈر عظمت اللہ عمرزئی سائیڈ اسٹرین کی وجہ سے میچ سے باہر ہوگئے، آل راؤنڈر گلبدین نائب کو آج ہونے والے میچ کے لیے افغان ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔

پاکستانی اسکواڈ

پاکستان کے اسکواڈ میں کپتان بابراعظم، امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان، آغا سلمان، سعود شکیل، شاداب خان، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم جونئیر اور فہیم اشرف شامل ہیں۔

افغانی اسکواڈ

افغانستان کے اسکواڈ میں کپتان حشمت اللہ شاہدی، رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زادران، ریاض حسن، محمد نبی، راشد خان، مجیب الرحمان، فضل الحق فاروقی، شاہد کمال، گلبدین نائب اور فرید احمد شامل ہیں۔

یاد رہے کہ 3 ون ڈے میچز کی سیریز میں پاکستان کو 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، اگر قومی کرکٹ ٹیم سیریز میں کلین سویپ کرتی ہے تو آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر آجائے گی۔

babar azam

پاکستان

PakvsAfghan