Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ہماری فلمیں بھارت میں اور بھارتی فلمیں یہاں لگنی چاہیں، نگران وزیر ثقافت

واٹس ایپ میسج سے دعوت ملی کہ وفاقی وزیر بن جاؤں، جمال شاہ
شائع 25 اگست 2023 09:10pm

نگران وفاقی وزیر جمال شاہ کہتے ہیں کہ اگر انڈیا کے ساتھ جوائنٹ پروڈکشن میں جائیں تو پاکستان فلم انڈسٹری کا بہت فائدہ ہو گا۔

انڈپینڈنٹ اردو کو دیے گئے انٹرویو میں نگران وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری کے حوالے سے انہوں نے کہا ایک وقت میں فلمیں عامیانہ ہو چکی تھیں جو زوال کا سبب بنیں، میرا ذاتی یہ خیال تھا کہ انڈیا کے ساتھ سینیما کلچر مکس ہونا چاہیے۔ ہماری فلمیں وہاں لگیں اور ان کی فلمیں ہمارے یہاں لگائی جائیں۔ اس کا فائدہ زیادہ ہمیں ہو گا کیوں کہ انڈیا کی سینیما مارکیٹ بہت بڑی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 25 کروڑ کی آبادی کے ملک میں 150 سینیما ہیں، اتنے کم سینیما کے ساتھ آپ فلم انڈسٹری کو کیسے فروغ دے سکتے ہیں۔ کم از کم چار ہزار سینیما ہونے چاہییں۔

ہمارے آرٹسٹسوں کے ساتھ انڈیا میں تحقیرانا رویہ رکھا گیا تھا جس کے بعد ردعمل کے طور پر انڈیا کی فلموں کی یہاں پابندی لگائی گئی، اگر انڈیا کے ساتھ جوائنٹ پروڈکشن میں جائیں تو پاکستان فلم انڈسٹری کا بہت فائدہ ہو گا۔ اس سے بھی بڑی سینیما مارکیٹ چائنہ ہے۔ چائینیز فلم میکرز کے ساتھ بھی مل کر پروڈکشن کی جا سکتی ہے۔

چین میں 80 ہزار سینیما اسکرینیں ہیں اور وہ بہت بڑی فلمی مارکیٹ ہے۔ چین پاکستان کی حمایت بھی کرتا ہے، ہماری فلمیں اگر اچھی ہوں گی تو چین کی مارکیٹ میں جگہ بنا سکیں گی۔

جمال شاہ نے کہا کہ پی ٹی وی نے ایک زمانے میں اچھا کام بھی کیا ہے لیکن کچھ عامیانہ پروگرام بھی کیے ہیں۔ مقابلے کی فضا میں پی ٹی وی کو اب بہت محنت کرنا ہوگی۔

دوران انٹرویو جمال شاہ نے انکشاف کیا کہ وزارت کی پیش کش میرے لیے ایک سرپرائز تھی مجھے اس بارے میں علم نہیں تھا۔ وٹس ایپ پر ایک دعوت نامہ ملا جس میں لکھا تھا کہ وفاقی نگران وزیر کے لیے حلف اٹھاؤں۔ بہرحال حلف اٹھا لیا لیکن یہ علم نہیں تھا کہ وزارت کون سی ہے بس اندازا تھا کہ میں ایک آرٹسٹ ہوں تو آرٹ سے منسلک ہی کچھ ہو گا۔

واٹس ایپ پیغام کس کا تھا؟ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کچھ توقف کے بعد کہا کہ ایوان صدر سے ہی کسی کا پیغام تھا۔

Jamal Shah