Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

حلقہ بندیوں کے نتیجے میں انتخابات کا دورانیہ 90 دن سے طویل ہو گیا، احسن اقبال

الیکشن کمیشن نے ہماری تجاویز پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی، لیگی رہنما
اپ ڈیٹ 25 اگست 2023 01:27pm
فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب

سابق وفاقی وزیر اور رہنما مسلم لیگ (ن) احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حلقہ بندیوں کے نتیجے میں انتخابات کا دورانیہ 90 دن سے طویل ہو گیا ہے۔

ملک میں آئندہ عام انتخابات پر مشاورت کے لئے انتخابی عمل پرمشاورت کے لئے ن لیگ کا وفد الیکشن کمیشن پہنچا، جہاں ان کی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور ممبران کمیشن سے ملاقات ہوئی۔

لیگی وفد میں سابق وفاقی وزراء بشمول احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، رانا ثناء اللہ، عطاء اللہ تارڑ، اسد جونیجو اور زاہد حامد شامل تھے۔

ملاقات میں ن لیگی وفد سے انتخابات کے شیڈول، تاریخ اور الیکشن کے روڈ میپ پر مشاورت کی گئی۔

چیف الیکشن کمشنر و ممبران سے ملاقات کے بعد ای سی پی دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کو تجاویز پیش کں اور انتخابی عمل لہ شفافیت پر بات کی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے انتخابی عمل کے اخراجات میں کمی اور خواتین کے ووٹنگ عمل میں شمولیت پر بھی گفتگو ہوئی جب کہ الیکشن کمیشن نے ہماری تجاویز پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ کسی ملک کو انتخابی عمل میں اس کی آدھی آبادی کو باہر نہیں رکھا جا سکتا، الیکشن کمیشن نے کہا تمام سیاسی جماعتوں سے ضابطہ اخلاق شیئر کریں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ انتخابی عمل کی نگرانی کے لئے طریقہ کار وضع کیا جائے، البتہ حلقہ بندیوں کے نتیجے میں انتخابات کا دورانیہ 90 دن سے طویل ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ اس سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جمعیت علماء اسلام ایف کے وفود نے چیف الیکشن کمشنر و ممران سے ملاقات کی تھی۔

تحریک انصاف کے وفد نے زور دیا تھا کہ انتخابات کا انعقاد آئین کے مطابق 90 روز کے اندر یقینی بنایا جائے کیونکہ اس وقت حلقہ بندیوں کی ضرورت نہیں ہے۔

جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مشاورتی وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ اس میں کوئی شک نہیں الیکشن کا انعقاد آئین کا تقاضا ہے لیکن اب چونکہ مردم شماری کے نتائج سرکاری طور پر شائع ہو چکے ہیں۔ لہٰذا الیکشن کمیشن کو پہلے حلقہ بندی کا عمل مکمل کرنا چاہیے تاکہ آئندہ انتخابات میں تمام سیاسی پارٹیوں، امیدواروں اور ووٹروں کو سہولت ہو۔

PMLN

Ahsan Iqbal

اسلام آباد

Election Commission of Pakistan (ECP)

general elections 2023