Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

انجو پرتحائف کی بارش کے بعد اشتہارات میں کام کرنے کی آفر

' ہرشہرمیں مدعو کیا جا رہا ہے لیکن فی الحال کہیں نہیں جا رہے'،نصراللہ
شائع 24 اگست 2023 12:29pm
تصویر: انڈین ایکسپریس/ویب سائٹ
تصویر: انڈین ایکسپریس/ویب سائٹ

سچن کی محبت میں پاکستانی سیما حیدر کے بھارت جانے کے بعد پاکستان کے نصراللہ سے شادی کیلئے خیبرپختونخوا آنے والی انجو کی پاکستان میں خوب آؤ بھگت کی جارہی ہے۔ مہمان نوازی دکھانے والوں کے لیے انجو مفت تشہیری خدمات بھی سرانجام دے رہی ہیں۔

انجواپنے فیس بک فرینڈ نصر اللہ سے شادی کرنے کیلئے بھارت سے پاکستان پہنچنے کے بعد سے ہی پاکستانی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔

انجو شہریوں کی جانب سے کی گئی آؤ بھگت سے بھی حیران رہ گئیں، جب بھی وہ بازار میں خریداری کرنے جاتی ہیں تو لوگ انہیں بہن کہتے ہیں اور وہ جو چیزیں خریدتی ہیں اس کے پیسے بھی وصول نہیں کرتے۔

فاطمہ عرف انجو اپنے شوہر نصراللہ کے ساتھ اس وقت پورے پاکستان میں گھوم پھر رہی ہیں۔ وہ کبھی اسلام آباد کے ریسٹورینٹس تو کبھی صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر مردان کے مالز میں خریداری کرتے ہوئے دیکھی جاتی ہیں۔

مزید پڑھیں:

پاکستان پہنچنے والی انجو کے بارے میں کئی نئے انکشافات

پاکستان آنے والی انجو کا بھارتی گانے پر رقص، ویڈیو وائرل

انجو نے واہگہ بارڈر پربنائی گئی ویڈیو شیئرکردی

انجو اور نصراللہ کی محبت کی کہانی بہت مقبول ہوئی تھی، یہی وجہ ہے کہ جہاں بھی یہ لوگ جاتے ہیں وہاں لوگوں کی قطاریں ان سے ملنے اور ان کے ساتھ سیلفی لینے کے لیے تیار رہتے ہیں۔

انجو کی بزنس کمیونٹی میں مقبولیت کی وجہ

انجو کی وسیع پیمانے پر مقبولیت کی وجہ سے متعدد کمپنیاں انہیں اپنی اشتہاری مہمات کا حصہ بننے کی پیشکش کر رہی ہیں۔

انجو کچھ دن پہلے سخاکوٹ کے ایک بیوٹی پارلر گئیں تو وہاں ان سے پیسے وصول کرنے کے بجائے اشتہاری ویڈیو بنوائی گئی تھی۔

اسی طرح جب انجو اور نصراللہ کاسمیٹکس خریدنے مردان کے بازار گئے تو دکانداروں نے ان سے پیسے وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

رئیل اسٹیٹ انڈسٹری سے وابستہ کئی تنظیموں اور بلڈرز نے انجو کو اپنے دفاتر میں بلا کر ان سے ہاؤسنگ اسکیموں کو پروموٹ کرنے کی درخواست کی تھی۔

سوشل میڈیا انفلوئنسر نبیل احمد کا دعویٰ ہے کہ انجو کو ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹنگ کے لیے ترجیح دی جاتی ہے کیونکہ ان کی ویڈیوز کو زیادہ ویوزملتے ہیں۔

کیا کسی بڑے برانڈ نے انجو کو اشتہار دینے کی پیشکش کی ہے؟

انجو کے شوہر نصر اللہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ، ’کسی بھی بڑے برانڈ کی جانب سے فی الحال ایسی کوئی پیشکش نہیں کی گئی۔ اگر ایسی کوئی پیشکش ہوئی تو انجو ضرور یہ کام کر سکتی ہیں۔ میری جانب سے کوئی پابندی نہیں اور ایسا کوئی بھی فیصلہ انجو اپنی مرضی سے کریں گی‘۔

انہوں نے مزید کہا، ’صوبہ خیبر پختونخوا کے لوگ انجو کی بہت عزت کرتے ہیں، ہم جہاں بھی جاتے ہیں، مقامی لوگ انجو کو بہن کہتے ہیں۔ کچھ دکاندار اپنی مصنوعات کی پروموشن چاہتے تھے جن کے لیے انجو نے کوئی معاوضہ لیے بغیر ویڈیوز بنوائیں۔ انجو بھی یہاں لوگوں کی جانب سے ملنے والے احترام اور اپنائیت پر خوش ہیں‘۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ’انجو فی الحال کچھ ذاتی نوعیت کے مسائل کی وجہ سے پریشان ہیں۔ حالات اگر بہتر ہوئے تو وہ ضرور اشتہارات میں کام کرنے کے بارے میں سوچیں گی۔‘

انجو کوکتنے اور کون سے تحفے مل چکے ہیں؟

انجو کو پہلے ہی ایک معروف تاجر کی طرف سے 10 مرلہ کا پلاٹ، 35 لاکھ روپے کا تحفہ مل چکا ہے۔

اس کے علاوہ ایک پراپرٹی کمپنی کی جانب سے نوشہرہ میں 10 مرلے کا پلاٹ تحفے میں ملا ہے۔ ان کو اسی طرح نقد تحائف بھی ملے ہیں اور عمرے کی سعادت حاصل کرنے کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔

انجو کے شوہر نصراللہ نے مزید کہا، ’انہیں ہر شہرمدعو کیا جا رہا ہے لیکن فی الحال وہ کہیں نہیں جا رہے‘۔

واضح رہے کہ 25 جولائی کو انجو نصراللہ سے ملنے خیبرپختونخوا کے ضلع اپر دیر گئی تھی۔

پولیس کے مطابق دونوں نے مقامی عدالت میں پیش ہو کر نکاح کیا مگر انجو نے اب تک نصراللہ کے ساتھ نکاح کیے جانے کی تصدیق نہیں کی ہے۔

Mardan

Gifts

Anju

Nasrullah