Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، سعودی وزیر

صدرِ مملکت اور نگراں وزیراعظم سے سعودی وزیر حج و عمرہ کی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں
اپ ڈیٹ 21 اگست 2023 10:09pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

صدر ڈاکٹر عارف علوی اور نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے اسلام آباد میں سعودی وزیر حج و عمرہ نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی۔ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کا کہنا ہے کہ دونوں برادر ممالک کے باہمی فائدے کیلئے تعلقات مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

سعودی وزیر سے ملاقات کے موقع پر نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے دوطرفہ تعلقات کے مثبت انداز میں آگے بڑھنے کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انھوں نے کہا کہ امید ہے سعودی عرب پاکستانی حج وعمرہ زائرین سے خصوصی سلوک جاری رکھے گا، پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کا قابل اعتماد پارٹنر رہے گا۔

انوارالحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاری کیلئے سعودی عرب کی سنجیدہ دلچسپی کو سراہتے ہیں۔

سعودی وزیر ڈاکٹر توفیق بن فوزان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستانی عازمین حج کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا، وفد پاکستان میں سعودی سیاحت کو فروغ دینے کی بھی کوشش کرے گا۔

صدر مملکت سے ملاقات

وزیر اعظم سے قبل صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سعودی وزیر حج و عمرہ ، ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے ملاقات کی۔ صدر نے سعودی عرب کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک میں معیشت، سرمایہ کاری اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان سعودی عرب تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ اور عوامی تعلقات پر مبنی ہیں۔ پاکستان میں آئی ٹی، قابل تجدید توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے اس سال حج کے بہترین انتظامات کرنے پر سعودی عرب کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور امید کا اظہار کیا کہ سعودی حکومت مدینہ میں منہدم ہونے والے دو پاکستان ہاؤسز کی رقم سے پاکستان ہاؤس کی خریداری میں تیزی لائے گی۔

یہ بھی پڑھیں :

سعودی عرب کا امریکی ہوائی جہاز کمپنی کے ساتھ 37 ارب ڈالر کا بڑا معاہدہ

سعودی عرب کا ترکیہ مرکزی بینک میں 5 ارب ڈالرز جمع کرانے کا معاہدہ

صدر مملکت نے او آئی سی کے ذریعے اہم مسلم مسائل بالخصوص تنازعہ جموں و کشمیر ، فلسطین اور افغانستان پر مستقل حمایت پر سعودی عرب اور اس کی قیادت کی تعریف کی۔

صدر سے ملاقات میں سعودی وزیر حج و عمرہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات بہت مضبوط ہیں، دونوں برادر ممالک کے باہمی فائدے کیلئے تعلقات مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب عازمین کو حج اور عمرہ کیلئے اچھی سہولیات فراہم کرتا رہے گا۔

صدر مملکت نے سعودی بادشاہ اور ولی عہد وزیراعظم کیلئے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور پاکستان کی مسلسل حمایت اور مالی امداد پر سعودی عرب کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اعزاز میں استقبالیہ

اسلام آباد میں ‏سعودی وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا۔

استقبالیہ کا اہتمام سعودی سفیر نواف بن سید المالکی نے کیا، استقبالیہ میں نگراں اور سابق وفاقی وزرا، اراکین پارلیمنٹ، سیاسی رہنماؤں، علمائے کرام اور ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔

نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد اور سعودی وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے پاک سعودی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

سعودی سفیر نے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے ساتھ دیرینہ اور مضبوط تعلقات تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، تقریب میں نواف بن سیدالمالکی نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔

Saudia Arabia

PAKISTAN SAUDI ARABIA AGREEMENT

Saudi Minister of Hajj and Umrah