Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

قانون کی حکمرانی، 9 مئی ملزمان کیلئے سزائیں، محدود مدت کی عبوری حکومت، نگراں وزیراعظم نے ترجیحات بتادیں

ہم قانون کی حکمرانی پر سمجھوتہ نہیں ہونے دیں گے، انوار الحق کاکڑ
اپ ڈیٹ 18 اگست 2023 10:09pm
نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کابینہ کے پہلے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں
نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کابینہ کے پہلے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ مقررہ مدت میں معاشی مسائل کے حل کے لیے بہترین اقدامات اور پاکستان کی ترقی کی بنیاد رکھنے کی کوشش کریں گے، تمام وزراء سے امید کرتا ہوں کہ وہ اپنی اپنی وزارتوں میں بھرپور کام کریں گے۔

نگراں وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس سے خطاب میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے یہ ایک تجربہ کار اور بہترین ٹیم ہے، یقین ہے اللہ تعالیٰ ہمیں سرخرو کرے گا اور تمام وزرا سے امید کرتا ہوں وہ اپنی اپنی وزارتوں میں بھرپور کردار اداکریں گے۔

نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ رول آف آرڈر سے ہی قانون کی حکمرانی ہوگی، قائد اعظم اور علامہ اقبال کے وژن پر عمل کر کے پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کہ ریاست اقلیتوں کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے ساتھ نہیں ہے، اکثریت کا کام اقلیت کا تحفظ کرنا ہے، رول آف آرڈر سے ہی قانون کی حکمرانی ہے، ہم قانون کی حکمرانی پر سمجھوتہ نہیں ہونے دیں گے۔

مزید پڑھیں

اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، چیف جسٹس پاکستان

جڑانوالہ واقعہ، یہ جناح کا پاکستان نہیں ہے

جڑانوالہ میں بے حرمتی قرآن کے دونوں ملزمان گرفتار

نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ ملکی اور غیر ملکی سطح پر کیے گئے وعدوں کو پورا کریں گے، پاکستان ایک زرعی اور قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے کہ ابھی ملک کا ماحول تقسیم شدہ ہے، ہمیں سیاست اور قانون میں فرق کرنا ہو گا، اگر انارکی ہوگی تو کوئی گورننس، سیکولر اور مذہبی نظام نہیں چل سکے گا، پاکستان تمام مذاہب اور نسلوں کا ملک ہے، حقوق نام پر نہیں کردار اور رویے پر دیے جائیں گے۔

انوار الحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مختلف مذاہب اور زبانوں کا حامل ملک ہے ، معاشرے میں مذہبی انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں، انصاف اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کسی سے ناانصافی نہیں ہوگی، ریاست اقلیتوں کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے ساتھ نہیں ہے، اکثریت کو اقلیت کا خیال رکھنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ شدت پسند رویے کی حوصلہ شکنی کی جائے گی اور اسے قانون سے روکا اور کنٹرول کیا جائے گا، ہماری ہر سرگرمی کا پیسہ عوام دیتی ہے، ہم مالی ڈسپلن لائیں گے۔

اس موقع پر نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے 9 مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد پیش آنے والے واقعات پر بھی مایوسی کا اظہار کیا۔

نگراں وزیراعظم سے بلوچستان کے وفود کی ملاقات، وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پرمبارکباد دی

دوسری جانب اسلام آباد میں نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے بلوچستان کے وفود نے ملاقات کی۔

وفود نے انوارالحق کاکڑ کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وفود نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کا انتخاب سیاسی نظام اور جمہوریت میں عوام کا یقین مستحکم کرتا ہے ۔

بعد میں وفود نے نگراں وزیراعظم کو گلدستے پیش کیے اور کچھ ارکان نے وزیراعظم کے ذوق کے مطابق کتابوں کے تحائف پیش کیں۔

اسلام آباد

Caretaker PM

anwar ul haq kakar

Jaranwala Incident