Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

روس میں پیٹرول پمپ پر دھماکا، 35 افراد ہلاک 80 سے زائد زخمی

دھماکے سے قریبی عمارتوں اور کاروں کو نقصان پہنچا۔
شائع 15 اگست 2023 05:31pm
تصویر: ٹوئٹر/بلیک ہیڈلائنز
تصویر: ٹوئٹر/بلیک ہیڈلائنز

روس کے دور افتادہ علاقے قفقاز جمہوریہ داغستان میں ایک فیول اسٹیشن پر ہونے والے دھماکے نے 35 افراد کی جان لے لی۔

روس کی ایمرجنسی منسٹری کی طرف سے جاری کی گئی تصاویر میں جلی ہوئی کاروں کو دکھایا گیا ہے، جو بھیانک آگ کی لپیٹ میں ہیں اور امدادی کارکن آگ بجھانے اور ملبہ صاف کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ”اے ایف پی“ کے مطابق متعلقہ حکومتی وزارتوں کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حادثے میں 35 افراد ہلاک اور 80 زخمی ہوئے ہیں۔

کریملن نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’صدر (ولادیمیر) پوتن داغستان میں ہونے والے سانحے کے متاثرین کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ انتہائی دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور متاثرین کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتے ہیں۔‘

اہم واقعات کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کی علاقائی شاخ نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ شہر مکاچکلا میں دھماکہ ایک فیول اسٹیشن پر آگ لگنے کے بعد ہوا۔

کمیٹی نے کہا کہ ’گاڑی کی سروسنگ کے دوران آگ لگی، جس کے بعد دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں لوگ زخمی اور ہلاک ہوئے‘۔

مزید پڑھیں

درجہ حرارت خطرناک حد پر، عراق نے بنفشی جھنڈا لہرادیا

بنگلہ دیش: اسیرجماعت اسلامی رہنما کے انتقال کے بعد ہزاروں افراد کااحتجاج

سوئیڈش شاہی محل کے سامنے قرآن پاک شہید، مسلمان صفحات جمع کرتے رہے

کمیٹی نے مزید کہا کہ دھماکے سے قریبی عمارتوں اور کاروں کو نقصان پہنچا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ آگ لگنے کی وجوہات کے تعین کیلئے ایک فوجی انکوائری قائم کی گئی ہے۔

روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسیوں ”تاس“ اور ”ریا نووستی“ نے وزارت کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔

ماخچکالا، بحیرہ کیسپین پر چھ لاکھ نفوس پر مشتمل آبادی والا شہر ہے جو چیچنیا سے متصل روسی جمہوریہ داغستان کا دارالحکومت ہے۔

ایک عینی شاہد کے حوالے سے روسی روزنامے ”ازویستیا“ نے بتایا کہ آگ ایک ایسے علاقے سے شروع ہوئی جہاں کاریں کھڑی تھیں اور پیٹرول اسٹیشن تک پھیل گئی۔

روسی وزارت نے کہا کہ آگ لگ بھگ 600 مربع میٹر (6,450 مربع فٹ) کے رقبے پر پھیلی ہوئی تھی، جسے بجھانے کے لیے 260 فائر فائٹرز کو تعینات کیا گیا تھا۔

داغستان کی حکومت نے 15 اگست کو یوم سوگ کا اعلان کیا ہے جبکہ ملک بھر میں ریاستی جھنڈے سرنگوں ہوں گے، ثقافتی اداروں اور ٹی وی چینلز سے کہا جائے گا کہ وہ تفریحی تقریبات اور پروگرام منسوخ کر دیں۔

russia

Dagestan Fire

Fuel Station Fire