Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں پر اجلاس آج بلا لیا، انتخابات کی تاریخ دینے سے گریز

الیکشن کمیشن انتخابات سے قبل حلقہ بندیوں کے معاملات حل کرے، سپریم کورٹ کا حکم
اپ ڈیٹ 16 اگست 2023 07:40am
سپریم کورٹ آف پاکستان
سپریم کورٹ آف پاکستان

سپریم کورٹ نے حلقہ بندیوں کا معاملہ واپس الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا، عدالت کا کہنا ہے کہ ابھی تو انتخابات کی کوئی تاریخ ہی طے نہیں ہوئی، الیکشن کمیشن انتخابات سے قبل تمام معاملات حل کرے۔

منگل کو سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات کی تاریخ دینے سے گریز کیا تاہم کمیشن نے حلقہ بندیوں پر اجلاس بدھ کو طلب کرلیا ہے۔

سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کی سندھ میں صوبائی حلقہ بندیوں کے خلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ حلقہ بندیاں عوامی مفاد کا معاملہ ہیں، سپریم کورٹ میں متعدد بارحلقہ بندیوں کا معاملہ آچکا ہے، الیکشن کمیشن حلقہ بندیاں شفاف طریقے سے کرے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سندھ میں حلقہ بندیوں پر حساسیت زیادہ ہے، سندھ سے اکثر یہ گلہ کیا جاتا ہے کہ حلقہ بندیاں درست نہیں ہوئیں۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے نئی حلقہ بندیوں کیخلاف تحریک انصاف کو ترمیم شدہ درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت کردی

الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں پر حلقہ بندیاں شروع کردی

سعد رفیق نے حلقہ بندیوں پراعتراضات اٹھا دیئے

چیف جسٹس نے استفسار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن عام انتخابات کب کرا رہا ہے؟، ابھی تو انتخابات کی کوئی تاریخ ہی طے نہیں ہوئی، الیکشن کمیشن انتخابات سے قبل تمام معاملات حل کرے۔

بعدازاں عدالت عظمیٰ نے حلقہ بندیوں سے متعلق معاملہ واپس الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا۔

سندھ میں صوبائی حلقہ بندیوں سے متعلق درخواستوں کا تحریری حکم نامہ جاری

سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی سندھ میں صوبائی حلقہ بندیوں سے متعلق درخواستوں کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے سندھ میں حلقہ بندیوں سے متعلق الیکشن رولز 10 آر کے تحت اپنے حکم کا دفاع کیا، الیکشن رولز کے مطابق ٹپے دار سرکل کی حد کو حلقہ بندیوں میں چھیڑا نہیں جا سکتا، درخواست گزاروں نے شکارپور کی 3 صوبائی حلقہ بندیاں چیلنج کیں۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے درخواست کو زائد المیعاد ہونے پر خارج کیا، الیکشن ایکٹ میں کمیشن میں درخواست دائر کرنے کی حد مقرر نہیں ہے۔

سپریم کورٹ نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ الیکشن کمیشن کو موقع دے رہے ہیں کہ نئے حکم نامے سے درخواست گزار کے اعتراضات دور کرے، دوسری صورت میں الیکشن کمیشن کیس کو سپریم کورٹ میں لڑے، کیس کو عدالتی چھٹیوں کے بعد جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

بعد ازاں چیف الیکشن کمشنر نے ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت نئی حلقہ بندیوں کے معاملے پر اجلاس بدھ کو طلب کرلیا۔ یہ اجلاس صبح 11 بجے ہو رہا ہے۔

اجلاس میں الیکشن کمیشن کےافسران شرکت کریں گے، قانونی ٹیم حلقہ بندیوں سےمتعلق کمیشن کوبریفنگ دے گی۔

Supreme Court

Election Commission of Pakistan (ECP)