Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستان کا 76واں جشن آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا، ملک بھر میں ریلیاں

قیام پاکستان کیلئے اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کی قدر کرنی چاہیے، صدر اور وزیراعظم کے پیغامات
اپ ڈیٹ 15 اگست 2023 01:15am
جشن آزادی پر اسلام آباد میں توپوں کی سلامی کا منظر۔ فائل فوٹو
جشن آزادی پر اسلام آباد میں توپوں کی سلامی کا منظر۔ فائل فوٹو

پاکستان کا 76 واں جشن آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ دن کا آغاز اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اکتیس توپوں کی سلامی دی گئی۔۔ نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔۔ لاہور میں محفوظ شہید گیریژن میں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔۔ تقریب میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے نعرہ تکبیر بلند کیا۔۔ پاک فوج کے جوانوں کے اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔

مزار قائد پرگارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ نیول اکیڈمی کموڈور محمد خالد تھے۔

نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، اعزازی گارڈز میں 2 دستے شامل ہیں جن میں ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز جب کہ دوسرا دستہ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہے۔

دوسری جانب لاہور میں مزار اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی اور پاک فوج کے دستے نے رینجرز کی جگہ گارڈز کے فرائض سنبھال لیے ہیں۔

پشاورمیں بھی جشن آزادی آج پرجوش طریقے سے منایا جارہا ہے۔ دن کا آغاز اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ دن بھر مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔

پاکستان کے یوم آزادی پر صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کے نام پیغامات جاری کیے۔

صدرعارف علوی نے کہا کہ بانیان پاکستان اور کارکنان تحریک ِپاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ہمیں قیام پاکستان کیلئے اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کی قدر کرنی چاہیے، ہمیں عوام کی خوشحالی کیلئے کام کرنا چاہیے۔

نگراں وزیراعظم کو وزارت عظمیٰ کا چارج دینے سے قبل وزیراعظم شہبازشریف نے قائداعظم کی قیادت میں پاکستان حاصل کرنیوالوں کوخراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اس قیمتی تحفے کے لیے ہم ان عظیم رہنماؤں کے ہمیشہ احسان مند رہیں گے۔ پاکستان کا تصور عظیم تھا قائد اعظم نے ثابت کیا کہ مسلمان ہر لحاظ سے ایک الگ قوم ہیں، ہمیں اتحاد اور خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ یوم آزادی پر ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ ہیں۔

پنجاب میں ریلیاں

یوم آزادی کی مناسبت سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔

▪️ لاہور میں فروٹ مارکیٹ سے بادامی باغ تک پاکستان ریلی کی قیادت نائب صدر مجلس قائد اعظم پاکستان نذیر احمدخان نے کی۔

▪️ملتان میں پاکستان کسان اتحاد کے صدر خالد محمود کھوکھر نے ریلی کی قیادت کی اور شرکاء سے خطاب کیا۔

▪️ ضلع بہاولنگر میں جشن آزادی کی مناسبت سے سیاسی و سماجی رہنماء علی انوار کی زیر قیادت ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

▪️لاہور میں 14 اگست کے پرمسرت موقع کے حوالے سے کیک کاٹنے کی پروقار تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا۔

ریلیوں کے شرکاء نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور پاک فوج ہماری ریڈ لائن ہے اور ہم سب اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ہم نے آزاد ملک میں جنم لیا۔

شہریوں نے کہا کہ آزادی ایک نعمت ہے اور اللہ کی عطا کردہ نعمت کا ہمیں شکر ادا کرنا چاہیے۔

شرکاء نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چند بدبخت لوگ 14 اگست کے بائیکاٹ کی مہم شروع کرنے پر تلے ہوئے ہیں ایسے لوگوں کو اللہ سے ڈرنا چاہیے اور شرم کرنی چاہیے۔

شہریوں نے مزید کہا کہ آزادی کی قدر ان قوموں سے پوچھیں جو آج غلامی اور جبر کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس جو کچھ ہے وہ آزادی کا عطیہ ہے اس لئے ہم نے ہر قیمت پر اپنے مقدس وطن کی آزادی کو برقرار رکھنا ہے۔

پاکستان

independence day

Independence Day of Pakistan