Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

نوازشریف کی واپسی میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں، متفقہ فیصلہ ہے وہی وزیراعظم ہونگے، شہباز

الیکشن ایکٹ کی ترمیم سے نواز شریف کی نااہلی ختم ہوچکی، وزیراعظم
اپ ڈیٹ 12 اگست 2023 12:52pm
وزیراعظم شہباز شریف۔ فوٹو — فائل
وزیراعظم شہباز شریف۔ فوٹو — فائل

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی واپسی میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں ہے، پارٹی کا متفقہ فیصلہ ہے وہی وزیراعظم ہوں گے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ یہ مانتے ہیں ہمارا ووٹ بینک متاثر ہوا، لیکن ہم نے ریاست بچائی، البتہ میں سمجھتا ہوں کہ ریاست بچ گئی توسب کچھ بچ گیا۔

انہوں نے کہا کہ 16 ماہ مشکل حالات میں حکومت چلائی، اس دوران ایک روپے کا اسیکنڈل ہمارے خلاف نہیں آیا، آئندہ انتخابات ووٹ کوعزت دو کے نعرے پر لڑیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کس دورمیں میرے اسٹبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں رہے، لیکن یہ بتائیں کہ مجھے کب اور کس موقع پر رعایت دی گئی۔

اس کے علاوہ منصوبوں کی افتتاح تقریب میں آرمی چیف کی تعریف کے سوال پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تعریف کرنے میں حرج کیا ہے؟

یہ بھی پڑھیں:

سپریم کورٹ کا فیصلہ: کیا نواز شریف اورجہانگیر ترین الیکشن میں حصہ لے پائیں گے

اسمبلی تحلیل ہوتے ہی سپریم کورٹ نے ریویو آف ججمنٹس اینڈ آرڈرز قانون 2023 کو کالعدم قرار دے دیا

شہباز شریف نے کہا کہ الیکشن ایکٹ کی ترمیم سےنوازشریف کی نااہلی ختم ہو چکی اور متفقہ فیصلہ ہےکہ اگر اکثریت ملی تو وزیراعظم نواز شریف ہوں گے، ان کی واپسی میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں۔

نگراں وزیراعظم کی تقرری کے حوالے سے شہباز شریف نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کا فیصلہ ایک دو روز میں ہو جائے گا، قائد حزب اختلاف سے آج بھی ملاقات شیڈول ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ تمام اتحادیوں نے نگراں وزیراعظم کے لیے اختیار دیا جب کہ صرف ایک جماعت نے کہا ہماری لیڈرشپ سے بات کرلیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کا فیصلہ الیکشن کمیشن کا ہے، ن لیگ کی خواہش ہے کہ جلد از جلد اانتخابات ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاورسیکٹر میں میجر سرجری کی ضرورت ہے، 16 ماہ کی حکومت کے سیاسی راز کبھی افشاں نہیں کروں گا، ہم نے اشرافیہ پر سُپر ٹیکس لگایا تو اسٹے آرڈ آگیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس وقت عدلیہ میں 60 ہزار کیسز التواء کا شکار ہیں، کیسز التواء کے باعث 26 ہزار ارب روپے ریکور نہیں ہو رہے۔

دوسری جانب نواز شریف کی نا اہلی کے حوالے سے سابق وزیر دفاع اور رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ آصف نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ نواز شریف کی نااہلی 5 سال کی مدت گزرنے کے بعد ختم ہو چکی، ایک حالیہ قانون سازی کو رجوع کرنے کی ضرورت ہے، اس قانون سازی میں نااہلی 5 سال تک محدود کردی گئی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف کی وطن واپسی بہت جلد ہوگی اور وہ یاست میں بھرپور کلیدی کردار ادا کریں گے جب کہ رب العزت کی مہربانی سے ماضی کی تمام زیادتیوں کا ازالہ ہوگا۔

PMLN

Nawaz Sharif

Shehbaz Sharif

اسلام آباد