Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی طبیعت ناساز، عمران خان کے حق دفاع پر سماعت نہ ہوسکی

جسٹس عامرفاروق کی عدالت کے تمام مقدمات کی کازلسٹ منسوخ کردی گئی
اپ ڈیٹ 10 اگست 2023 08:34pm
فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی طبیعت ناسازی کے باعث توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حقِ دفاع بحال کرنے کی درخواست پر سماعت نہ ہو سکی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اپنی طبیعت ناسازی اورمیڈیکل چیک اپ کے باعث آج چھٹی پر تھے، اس لیے ان کی عدالت میں سماعت کے لیے مقرر تمام کیسز کی کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی۔

توشہ خانہ کیس: عمران کی اپیل سماعت کیلئے مقرر، سپریم کورٹ نے بھی نمبر لگا دیا

چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں حقِ دفاع بحالی کی درخواست بھی آج سماعت کے لیے مقرر تھی مگر کاز لسٹ کینسل ہونے کے باعث اس پر سماعت نہیں ہو سکی۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرکے آج جواب طلب کر رکھا تھا۔

ٹرائل کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو اپنے دفاع میں گواہ پیش کرنے کی اجازت نہ دیتے ہوئے ان کا حقِ دفاع ختم کر دیا تھا اور گواہوں کو غیر متعلقہ قرار دیا تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض عائد

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کے حکم نامے کے پیرا نمبر 18 کی وضاحت کرنے کی درخواست پر رجسٹرار آفس کی جانب سے اعتراض عائد کیا گیا ہے کہ جب ایک کیس کا فیصلہ ہوچکا ہو تو اس میں تبدیلی یا وضاحت کے لیے پٹیشن فائل نہیں ہو سکتی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے خواجہ حارث اور بیرسٹر گوہر علی خان کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست جمع کرائی کہ اس عدالت نے 3 اگست کے حکم نامے میں ایف آئی اے کو ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کی فیس بک پوسٹ کے معاملے پر مزید انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کا کہا۔ عدالت نے اس معاملے میں متعلقہ افراد کو بھی شامل تفتیش کرنے کا حکم دیا۔ عدالتی آرڈر کو بنیاد بناتے ہوئے ایف آئی اے میری لیگل ٹیم کو ہراساں کررہی ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ وہ اپنے آرڈر کے پیرا نمبر 18 کی وضاحت کرے، عدالت حکم جاری کرے کہ میری لیگل ٹیم کو ہراساں نہ کیا جائے۔

درخواست پر فیصلے تک ایف آئی اے کو میری لیگل ٹیم کو نوٹس جاری کرنے سے روکنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست پر رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کیا ہے کہ جب ایک کیس کا فیصلہ ہو چکا ہو تو اس میں تبدیلی یا وضاحت کے لیے پٹیشن فائل نہیں ہو سکتی۔

imran khan

Islamabad High Court

tosha khana case

Chief Justice Amir Farooq