گندم کی خاک سے ترکی کی بندرگاہ پر زوردار دھماکا، متعدد افراد زخمی
ترکی کی ڈیرنس بندرگاہ کے قریب اناج کے سائلوز میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم 12 افراد زخمی ہوگئے ۔
ترکی کے صوبے ”کوکیلی“ کے گورنر یاووز نے پیر کو بتایا کہ اناج بورڈ کے سائلوس کے قریب تقریباً دو بجکر 40 منٹ پر ایک دھماکہ ہوا۔
گورنر کے مطابق ’ابتدائی جائزے سے پتہ چلا ہے کہ دھماکا ایک جہاز سے سائلو میں گندم کی منتقلی کے دوران گندم کی دھول کے کمپریشن کی وجہ سے ہوا۔‘
سوشل میڈیا پر ویڈیوز میں دھوئیں کے ایک بڑے بادل کو دکھایا گیا ہے۔
یاووز نے کہا، ’ہمیں بتایا گیا تھا کہ تکنیکی طور پر یہ ممکن ہے کہ گندم کی دھول کے کمپریشن کی وجہ سے دھماکا ہوسکتا ہے، لیکن ہم ہر ممکنہ وجہ کی چھان بین کر رہے ہیں۔‘
گورنر نے مزید کہا کہ ’ہم نے اپنے ساتھیوں کو جائے وقوعہ سے فوری طور پر بچایا اور فوری طور پر ایمبولینسوں کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہمارے پاس اب تک 10 زخمی ہیں، جن میں سے دو کی حالت قدرے زیادہ سنگین ہے۔‘
تاہم ترکی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ”انادولو“ نے پیر کو بتایا کہ زخمی ہونے والے 12 افراد میں سے تین کی حالت تشویش ناک ہے۔
یہ بھی پڑھیں
ترکیہ زلزلہ، کیا واقعی نیوکلئیر پلانٹ میں دھماکہ ہوا؟
استنبول دھماکے میں ملوث شامی خاتون گرفتار
عرب خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق دھماکے کی وجہ سے علاقے میں شدید اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
الجزیرہ کے نمائندے کوسی اوگلو نے بتایا کہ، ’علاقے میں ہر کوئی خوفزدہ تھا کیونکہ اس بڑے دھماکے کے اثرات ازمیت خلیج کے ارد گرد محسوس کیے گئے جہاں یہ بندرگاہ واقع ہے‘۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ترک حکام نے بتایا کہ واقعے میں 13 سائلوز اور آؤٹ بلڈنگز کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب وزارت نقل و حمل کا کہنا ہے کہ دھماکے سے کسی جہاز کو نقصان نہیں پہنچا۔
Comments are closed on this story.