Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ٹرین حادثے کے 17 گھنٹے بعد ڈاؤن ٹریک بحال، 29 افراد کی لاشیں ورثاء کے حوالے

ٹرین حادثے کے بعد ٹریک کلیئر نہ ہونے کے باوجود کراچی سے ٹرینیں روانہ
اپ ڈیٹ 07 اگست 2023 04:01pm
فوٹو — اے ایف پی
فوٹو — اے ایف پی
فوٹو — اے ایف پی
فوٹو — اے ایف پی
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

ہزارہ ایکسپریس ٹرین حادثے کے 17 گھنٹے بعد ڈاؤن ٹریک بحال کردیا گیا جب کہ اپ ٹریک کلیئر نہ ہونے کے باعث ٹرینیں راستے میں محصور ہوگئیں۔

ٹرین حادثے کے بعد ٹریک کلیئر نہ ہونے کے باوجود کراچی سے ٹرینیں روانہ کردی گئیں، ٹرینوں کی آمدرفت متاثر ہونے سے ریلوے اسٹیشنز پر مسافر رل گئے ہیں۔

حادثے کے بعد سے پاکستان اور قراقرم ایکسپریس رکی ہوئی ہیں، کوٹری ریلوے اسٹیشن پر دو جب کہ ٹنڈوآدم ریلوے اسٹیشن پر بھی ایک ٹرین رکی ہوئی ہے۔

اس ضمن میں ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ نوابشاہ سے سرہاری تک سنگل لائن پر ٹریفک کو گزارا جا رہا ہے، حادثے کے باعث پاکستان ایکسپریس14 گھنٹے30 منٹ، ملت ایکسپریس 12 گھنٹے جب کہ رحمان بابا 18 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔

حکام کے مطابق کراچی ایکسپریس 12 گھنٹے، پاک بزنس 13 گھنٹے، قراقرم ایکسپریس ساڑھے 13 گھنٹے اور تیز گام11 گھنٹے 45 منٹ تاخیر ہوگی۔

ریلوے حکام نے بتایا کہ فرید ایکسپریس سوا 11گھنٹے تاخیر کا شکار ہے، اس کے علاوہ علامہ اقبال ایکسپریس سوا 11 گھنٹے تاخیر سے لاہور پہنچے گی۔

کراچی سے راولپنڈی جانے والی ہزارہ ایکسپریس کے حادثے میں جاں بحق 29 افراد کی لاشیں شناخت کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ہزارہ ایکسپریس حادثہ کے 17 گھنٹے بعد ڈاون ٹریک بحال کردیا گیا، پنجاب سے کراچی جانے والی گرین لائن اور ہزارہ ایکسپریس کراچی کے لئے روانہ کردی گئی۔

حکام نے کہا کہ اپ ٹریک پر بھی تیزی سے کام جاری ہے جسے جلد بحال کردیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سعد رفیق نے ہزارہ ایکسپریس حادثے میں تخریب کاری کا شبہ ظاہر کردیا

29 میں سے 18 افراد کی لاشیں سندھ کے مخلتف علاقوں میں شناخت کے بعد ان کے گھر کے لئے روانہ کی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ ہزارہ ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 14 افراد کا تعلق ٹنڈو آدم سے تھا جن کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی۔

نماز جنازہ میں سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں کے رہنماوں سمیت علاقہ مکینوں نےبڑی تعداد میں شرکت کی، نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد تمام 14 افراد کو مختلف قبرستانوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔

ہزارہ ایکسپریس ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں سعیدہ خلیجی، رضیہ، عبدالرزاق، انیقہ، واسو، زبیدہ، سعالین، محمد اسحاق، محمد کاشف، اللہ بچایو، رحیم بخش، بچی حسینہ اور شاہدہ شامل تھیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز نوابشاہ میں سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب مسافر ٹرین ہزارہ ایکسپریس کی 10 بوگیاں الٹ گئی تھیں جس کے نتیہجے میں 30 مسافر جاں بحق جب کہ 200 سے زائد زخمی ہوئے۔

Pakistan Railways

Train Accidents