Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ایک اور پاکستانی لڑکی ’بھارت کی بہو‘ بن گئی

امینہ نے زندگی میں کبھی اپنے شوہر سے ملاقات نہیں کی، اور اب بھی طویل انتظار کرنا ہوگا۔
شائع 06 اگست 2023 11:58am
تصویر: انڈیا پوسٹ
تصویر: انڈیا پوسٹ

سیما حیدر اور انجو کے بعد سرحد پار شادی کا ایک اور کیس سامنے آگیا ہے، اس نئے کیس میں پاکستانی خاتون نے بھارتی نوجوان سے آن لائن شادی رچا لی ہے۔

کراچی میں مقیم امینہ نے اپنی شادی کے لیے بھارتی ویزا حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد عملی طور پر اپنے بھارتی منگیتر ارباز سے شادی کرلی۔

جودھ پور کے رہائشی ارباز اور پاکستان میں موجود امینہ ایک دوسرے کے رشتہ دار ہیں۔ ارباز کے خاندان کے ایک فرد کی شادی بھی پاکستانی لڑکی سے ہو چکی ہے۔

ارباز کے والد محمد افضل نے بھارتی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ ’میرا ایک پوتا چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہے، جس کی شادی پاکستان کی ایک لڑکی سے ہوئی ہے۔ ان کی خوشی دیکھ کر، امینہ کے گھر والوں نے ہمارے بیٹے کا رشتہ مانگا جسے ہم نے قبول کر لیا۔‘

اطلاعات کے مطابق ارباز اپنی بارات کے ساتھ جودھ پور کے اوسوال سماج بھون پہنچے جہاں وہ اپنی دلہن کے ساتھ عملی طور پر شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

دولہے کے والد محمد افضل جو پیشہ سے ٹھیکیدار ہیں، انہوں نے بتایا کہ شادی کم خرچ کے ساتھ سادگی سے ہوئی۔

ارباز کا کہنا ہے کہ ’امینہ ویزا کے لیے اپلائی کرے گی۔ میں نے پاکستان میں شادی اس لیے نہیں کی کیونکہ اسے یہاں تسلیم نہیں کیا جائے گا اور ہمیں بھارت پہنچ کر دوبارہ شادی کرنی پڑتی۔ پاکستانی دلہن کو شادی کے لیے بھارتی ویزا نہیں ملتا۔ لہٰذا، ہم نے آن لائن شادی کی اور مولوی سے ایک سرٹیفکیٹ حاصل کیا، جو کہ قانونی ہے۔‘

اگرچہ شادی کی رسم ہو چکی ہے، لیکن امینہ نے ابھی تک جودھ پور میں موجود اپنے شوہر سے ملاقات نہیں کی ہے۔ اس کیلئے انہیں ویزا اور امیگریشن کے پورے عمل سے گزرنا پڑے گا۔

امینہ اور ارباز کی شادی سرحد پار رشتوں کے سلسلے کی ایک اور کڑی ہے، اس سے قبل پاکستانی خاتون سیما حیدر اپنے چار بچوں کے ساتھ مئی میں اپنے ساتھی سچن مینا کے ساتھ رہنے کے لیے نیپال کے راستے بھارت جا پہنچی تھیں۔

اسی طرح 35 سالہ انجو اپنے عاشق نصراللہ سے ملنے کے لیے پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا پہنچ گئیں اور وہاں نصر اللہ سے شادی کر لی۔

india

پاکستان

Seema Haider

Anju

Ameena

Online Marriage