Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

”پرانی مردم شماری پر الیکشن کیلئےآئین میں ترمیم ضروری“

" سینیٹ اور صدر مملکت کا انتخاب بھی داؤ پر لگا ہوا ہے "
شائع 03 اگست 2023 11:09pm
فوٹو:اسکرین گریپ
فوٹو:اسکرین گریپ

پی ٹی آئی کے رہنما ہمایوں مہمند کا کہنا ہے کہ نئی حلقہ بندیوں کیلئے آئین میں ترمیم ضروری ہے، اور اس کیلئےدوتہائی اکثریت درکار ہے، جب کہ پرانی مردم شماری پر بھی الیکشن کیلئے آئین میں ترمیم ضروری ہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما نادر گبول کا کہنا ہے کہ سندھ میں نگراں وزیراعلیٰ مشاورت سے آئے گا، نگران سیٹ اپ کے لئے آصف زرداری، وزیراعظم اورنوازشریف سے رابطے میں ہیں۔

آج نیوز کے مطابق پروگرام ”آج ایکسکلوژو“ میں بات کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما نادر گبول کا کہنا تھا کہ سندھ میں نگراں وزیراعلیٰ مشاورت سے آئے گا، حکومت اور اپوزیشن سے نام سامنے آرہے ہیں، حکومت کی جانب سے بھی ایک نام دیا گیا ہے، جب کہ ایم کیوایم، جی ڈی اے نے بھی ایک نام دیا ہے، ہماری کوشش ہے کہ نگراں وزیراعلیٰ متنازع نہ ہو۔

نادرگبول کا کہنا تھا کہ نگراں سیٹ اپ کیلئے10دن سے کم وقت بچا ہے، آصف زرداری، وزیراعظم اورنوازشریف سے رابطے میں ہیں۔

رہنما پی پی پی نے کہا کہ جج کی اہلیہ نے گھریلو ملازمہ کو تشدد کا نشانہ بنایا، جج کی اہلیہ کو بچایا جارہا ہے۔

نادرگبول کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا تھا میرا تحفہ میری مرضی، انہیں کیوں تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما ہمایوں مہمند کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی اپنی رائے ہے، اختلاف کیا جا سکتا ہے، ماضی میں ایک وزیر کو وزیراعظم بنایا جا چکا ہے، مسئلہ یہ نہیں کہ نگراں وزیراعلیٰ کون ہوگا، ملک میں آئینی بحران پیدا ہونے جارہا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ انتخابات نئی مردم شماری پر ہوں گے یا پرانےپر، نئی حلقہ بندیوں کیلئے آئین میں ترمیم ضروری ہے، اور اس کیلئےدوتہائی اکثریت درکار ہے، اور پرانی مردم شماری پر بھی الیکشن کیلئے آئین میں ترمیم ضروری ہے، سینیٹ اور صدر مملکت کا انتخاب بھی داؤ پر لگا ہوا ہے۔

ہمایوں مہمند کا کہنا تھا کہ اعلیٰ کردار رکھنے والا وقت پر اعتراض عائد کرتا ہے، پرویزخٹک کواب یہ سب باتیں کیوں یاد آرہی ہیں، کیا وہ پہلے کابینہ اجلاس میں سو رہے تھے، اس وقت انہوں نے کابینہ میں مخالفت کیوں نہیں کی تھی۔

pti

Caretaker government

Pakistan People's Party (PPP)

general elections 2023

caretaker government sindh