Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

انجو کو مزید تحائف مل گئے

انجو کے ویزہ کی مدت 20 اگست کو ختم ہورہی ہے
شائع 03 اگست 2023 09:58am
تصویر: دلیپ کمار کھتری/ٹوئٹر
تصویر: دلیپ کمار کھتری/ٹوئٹر

بھارتی ریاست راجستھان سے قانونی ویزہ پر پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا ضلع دیر آکر وہاں کے رہائشی نصر اللہ سے شادی کرنے والی انجو (اسلامی نام فاطمہ) کو پلاٹ کے بعد مزید تحائف بھی مل گئے۔

حال ہی میں پاک اسٹار گروپ آف کمپنیز کے سی ای او محسن خان عباسی نے انجو اور نصر اللہ کو 10 مرلہ پلاٹ اور 50 ہزارروپے بطور تحفہ دیے تھے۔ اس کے بعد ایک اور ویڈیو سامنے آئی جس میں ایک اور کمپنی نواب ہاؤسنگ ایسوسی ایٹ پشاور کے طفیل خان نے دس مرلے کا پلاٹ اور میاں بیوی کے لیے عمرہ پیکج کا تحفہ دیا۔

طفیل خان نے انجو اور نصر اللہ کو دیر میں گھر بنانے میں مدد فراہم کرنے اور روزمرہ اخراجات کیلئے مالی معاونت کی بھی یقین دہانی کروائی تھی۔

تازہ ترین تحفہ وفاقی دارالحکومت سے تعلق رکھنے والے ایک بزنس مین کی جانب سے ہے۔

صحافی دلیپ کمار کھتری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنی ٹویٹ تصاویر شیئرکیں جن کے کیپشن کے مطاق انجو اور نصراللہ کو اسلام آباد کے مقامی بزنس مین کی جانب سے چیک اور شیلڈ دی جارہی ہے۔

تاہم ٹویٹ میں یہ واضح نہیں کہ اس جوڑے کو دیا جانے والا چیک کتنی مالیت کا ہے۔

صحافی نے اگلی ٹویٹ میں لکھا، ’انجو اس وقت اسلام آباد میں گھوم رہی ہیں۔ انجو خوش نظر آتی ہیں لیکن نصراللہ اور انجو مجھے لائیو انٹرویو کیوں نہیں دے سکتے، اگر مجھے موقع ملا تو میں یقینی طور پر بہت سارے سوالات کے ساتھ تمام پنڈورا باکس کھول دوں گا‘۔

اس ٹویٹ کے ساتھ شیئرکی جانے والی ٹک ٹاک ویڈیوزمیں انجو کو کسی خاتون کے ساتھ خوش گپیوں میں مصروف دیکھا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ انجو کے ویزہ کی مدت 20 اگست کو ختم ہورہی ہے اور یہ ویزہ انہیں صرف اپردیر کے لیے جاری کیا گیاتھا تاہم اس کے باوجود وہ آزادانہ طور پر اسلام آباد میں سیروتفریح کررہی ہیں۔

شادی شدہ انجو بھارت میں اپنے شوہر کو بتا کرآئی تھی کہ وہ جے پور جارہی ہے۔ نصراللہ سے شادی کیلئے اسلام قبول کرنے والی انجو نے اروند سے شادی کیلئے عیسائیت قبول کی تھی۔

دوسری جانب انجو کے بھارتی شوہر نے دعویٰ کیا ہے ان کی ابھی تک طلاق نہیں ہوئی ہے اور اس لیے وہ پاکستانی شخص (نصر اللہ) سے شادی نہیں کر سکتیں۔ اروند کمار نے صحافیوں کو بتایا کہ ’انجو نے کہا اس نے تین سال قبل دہلی میں طلاق کے کاغذات جمع کرائے تھے لیکن مجھے ابھی تک عدالت سے کوئی سمن یا نوٹس نہیں ملا۔ کاغذات پر وہ اب بھی میری بیوی ہے، وہ کسی اور سے شادی نہیں کر سکتی۔ حکومت کو معاملے کی تحقیقات کرنی چاہیے‘۔

بھارتی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ انجو نے اپنے بھارتی شوہر اروند کو فون کرکے دھمکی دی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اپنے ساتھ پاکستان لے جائے گی۔

اروند کمار کا کہنا ہے لپ حکومت کو اس کے پاسپورٹ اور ویزا دستاویزات کی بھی چھان بین کرنی چاہیے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کہیں اس نے پاکستان جانے کے لیے جعلی دستاویزات اور دستخط تو استعمال نہیں کیے۔

india

پاکستان

Upper Dir

Anju

Nasrullah