Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

خواجہ آصف کی کم سن ملازمہ پر تشدد کرنے والی جج کی اہلیہ کو ضمانت ملنے پر کڑی تنقید

عدلیہ کے فیصلے ایسے حالات بنا رہے ہیں کہ بچی کے والدین ہتھیار ڈال دیں، خواجہ آصف
شائع 02 اگست 2023 09:54am
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

سول جج کی اہلیہ کے مبینہ تشدد سے شدید زخمی ہونے والی رضوانہ لاہور کے جنرل اسپتال میں زیر علاج ہے۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے رضوانہ تشدد کیس کی مرکزی ملزمہ کو ضمانت ملنے کے عدالتی فیصلے پر شدید تنقید کی ہے۔

خواجہ آصف نے بذریعہ ٹویٹ عدلیہ پر تنقید کی اور بظاہر ان کا اشارہ رضوانہ تشدد کیس میں مرکزی ملزمہ کو ضمانت دیے جانے کے بارے میں تھا۔

گزشتہ روز اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ نے کم سن ملازمہ رضوانہ تشدد کیس میں مرکزی ملزمہ اور سول جج کی اہلیہ سومیہ عاصم کی 1 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض 7 اگست تک عبوری ضمانت منظور کی تھی۔

وفاقی وزیر نے ٹوئٹ میں لکھا کہ عدلیہ کے فیصلے ایسے حالات بنا رہے ہیں کہ بچی کے والدین ان حالات کے جبر سے مجبور ہو کر ظلم کے آگے ہتھیار ڈال دیں۔

انھوں نے مزید لکھا کہ یہاں ہر ایک کی برادری ہے جو اپنے ظالم کی بھی پناہ گاہ بن جاتی ہے۔

خواجہ آصف کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا کہ غریب کی کوئی برادری نہیں جو اسے پناہ دے، ریاست بھی صاحب وسائل کی پناہ گاہ ہے۔

واضح رہے کہ منگل کو رضوانہ تشدد کیس کی مرکزی ملزمہ نے ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد سے رجوع کیا۔

عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ سومیہ نے کبھی رضوانہ کو تشدد کا نشانہ نہیں بنایا، عدالت ملزمہ کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ درخواست گزار پڑھی لکھی ہیں اور سول جج کی اہلیہ ہیں۔ یہ بات درست ہے کہ رضوانہ اپنے والدین کی مرضی سے ان کے یہاں کام کرتی تھی لیکن اس کے علاوہ ایف آئی آر میں جو کچھ درج ہے وہ جھوٹ ہے۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ رضوانہ کی عمر 17 برس ہے اور سومیہ نے ہمیشہ اس کے ساتھ نرمی سے کام لیا اور رضوانہ سے اسی طرح کا برتاؤ کیا جو وہ اپنے 7 سے 12 برس کے تین بچوں کے ساتھ کرتی تھیں۔

خیال رہے کہ سرگودھا سے تعلق رکھنے والی رضوانہ نو روز سے لاہور کے جنرل اسپتال میں زیر علاج ہے۔

گزشتہ روز رضوانہ کے علاج کیلئے بنائے گئے میڈیکل بورڈ کا اہم اجلاس ہوا۔ جس میں فیصلہ کیا گیا کہ رضوانہ کو خون لگایا جائے گا ، پینٹاگلوبیلنٹ نامی انجکشن بھی رضوانہ کو لگے گا۔

میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر جودت سلیم کا کہنا تھا کہ رضوانہ کے جسم میں خون کی شرح 9 فیصد ہے، خون کی بوتل لگائی جائے گی۔

پروفیسر جودت نے بتایا کہ رضوانہ کے کمر کے زخم میں پیپ بھر گئی تھی، جسے فوری صاف کر دیا ہے، رضوانہ کو خصوصی ہوا والے بیڈ پر لٹایا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پینٹاگلوبیلنٹ والا انجکشن بھی شروع کیا جائے گا، رضوانہ کا وزن لگ بھگ 30 کلو کے قریب ہے، وزن کی مناسبت سے انجکشن کی خوراک لگائی جائے گی۔

پرنسپل پوسٹ گریجویٹ کالج الفرید ظفر نے بتایا کہ انجکشن 5 لاکھ مالیت کا ہے ، یہ سرکاری طور پر مفت لگائے جائیں گے، انجکشن سے جسم میں انفیکشن ختم ہونے میں مدد ملے گی۔

الفرید ظفر نے بتایا کہ نگراں وزیر صحت نے انجکشن لگانے کی ہدایت دی ہے، بچی کو وینٹی لیٹر کی فی الوقت ضرورت نہیں لیکن وینٹی لیٹر تیار رکھا گیا ہے۔

Khawaja Asif

child torture

child Health

rizwana