قرآن پاک کی بےحرمتی پر سعودی وزارت خارجہ میں ڈنمارک کے ناظم الامور کی طلبی
سعودی وزارت خارجہ نے ریاض میں ڈنمارک کے ناظم الامور کو طلب کرکے ڈنمارک میں قرآن کی بے حرمتی پر شدید احتجاج کیا ہے۔
سعودی عرب نے اس حوالے سے احتجاجی نوٹ ناظم الامور کے حوالے کرتے ہوئے ڈنمارک کی حکومت سے توہین آمیز اقدامات روکنے کا مطالبہ کیا جو مذہبی تعلیمات سمیت بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔
سعودی وزرات خارجہ کا کہنا ہے کہ ڈنمارک میں اشدت پسند تنظیم نے قرآن پاک کی بے حرمتی کی اور کوپن ہیگن میں عراقی سفارت خانے کے سامنے اسلام اور مسلمانوں کیخلاف نفرت اور نسل پرستی پرمبنی نعرے لگائے۔
قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات کے بعد مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک سویڈن اور ڈنمارک کے سفارتکاروں کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کروا چکے ہیں۔
دوسری جانب سعودی عرب اور عراق نے سویڈن اور ڈنمارک میں قرآن کریم کی مسلسل بے حرمتی کے واقعات پر مسلم وزرائے خارجہ کا ورچوئل ہنگامی اجلاس 31 جولائی 2023 کو طلب کر لیا۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق عرب وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ میں 2 جولائی کو جدہ میں منعقدہ ہنگامی اجلاس کے بیان پر عملدرآمد کا حصہ ہے جس میں بوقت ضرورت اعلٰی سطح کا ہنگامی اجلاس بلانے کا کہا گیا تھا۔
Comments are closed on this story.