ملک بھر میں 9 محرم کے جلوس اختتام پزیر
اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک بھر میں نو محرم الحرام کو برآمد ہونے والے جلوس اپنی اپنی منازل پر پہنچ گئے۔، اس حوالے سے سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے۔ کئی شہروں میں موبائل فون سروس صبح سے رات تک بند رہی، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔
ملک بھر میں نویں محرم کی مناسبت سے نکلنے والے جلوس اپنی اپنی منازل تک پہنچ گئے ہیں، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس اپنی منزل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا ۔
کوئٹہ
کوئٹہ میں نویں محرم الحرم کے ذولجناح کا جلوس اختتام پذیر ہوگیا، امام بارہ باپ ناصر میں قبل ازیں ہونے والی مجلس میں مرد و خواتین نے شرکت کی عزاداروں نے ماتم کیا شبیہ ذولجناح کی زیارت بھی کی گئی۔
اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے جلوس کے اختتام پر لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا۔
کراچی
کراچی میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوا، جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا، حسینیہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
جلوس کی گزرگاہوں پر سخت سیکیوریٹی تعینات کی گئی تھی، شہر میں موبائل فون سروس کہیں جزوی اور کہیں مکمل طور پر معطل رہی۔
نویں محرم کے موقع پر کراچی میں نکالے جانے والے مرکزی جلوس سے قبل نشتر پارک میں مرکزی مجلس سے خطاب میں علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے شہدائے کربلا و اہل بیت کی قربانی اور تعلیمات پر روشنی ڈالی۔
مجلس کے بعد جلوس نمائش کے مقام پر نمودار ہوا، عزاداران نے مرکزی جلوس میں نوحے پڑھے، جلوس کے شرکا نے ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضا پر نماز ظہرین ادا کی۔ جلوس کے راستے میں سبیلیں، لنگر خانے اور طبی کیمپ بھی قائم کیے گئے، عزاداران نے شبیہ علم و ذوالجناح کا دیدار بھی کیا۔
اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے، اسنائپر سمیت ڈھائی ہزار سے زائد جوان تعینات کیے گئے، چار سو سے زائد گلیوں اور راستوں کو سیل کیا گیا ہے مجموعی طور پر آٹھ ہزار سے زائد پولیس کے جوان و افسران سیکیورٹی پر مامور رہے جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس بند رہی۔
شہرمیں 9 اور 10 محرم کوموٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے ۔ایم اے جناح روڈ کے اطراف کے راستے کنٹینرز لگا کر بند کردیے گئے ہیں جبکہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی ایم اے جناح روڈ کے اطراف تعینات کی گئی ہے۔
لاہور
لاہور میں نو محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو اسٹریٹ سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ خیمہ سادات پر اختتام پذیرہوا۔
پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے آغاز کے بعد جلوس کے شرکاء نے سراج بلڈنگ پر مختصر پڑاؤ ڈالا اورنماز ظہرین ادا کی۔
ذاکرین نے تقاریر میں واقعہ کربلا اور فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالی، جلوس اسلام پورہ چوک، نیلی باغ چوک، سول سیکرٹریٹ سے ہوتا ہوا یہ جلوس پرانی انارکلی، پہنچا، جہاں نمازمغربین ادا کی، اور جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ خیمہ سادات پہنچ گیا۔
امام بارگاہ خیمہ سادات میں شہدائے کربلا کی یاد میں مجلس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جس کے بعد شرکاء واپس اسی روٹ سے پانڈو اسٹریٹ پہنچیں گے۔
لاہور میں بھی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے، تمام راستے کنٹینرز اور خاردار تاریں لگا کربند کردیے گئے، اور جلوس کے راستے پر واک تھرو گیٹ نصب تھے، جب کہ حفاظت پر 2 ہزار پولیس اہلکار تعینات رہے، اور پولیس کی معاونت کیلئے رینجرز کے جوان بھی طلب کیے گئے تھے، جلوس کے راستے آنے والی عمارتوں پر اسنائپرز بھی تعینات رہے۔
شہر میں موبائل فون سروس جزوی معطل رہے جو کل مکمل بند موبائل رہے گی، جلوس کے راستے میں پانی اور شربت کی سبیلیں بھی لگائی گئیں۔
حیدرآباد
حیدرآباد میں بھی نو محرم الحرام کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہونے کے بعد اختتام پزیر ہوا۔
جلوس میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک تھی، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھ۔
حافظ آباد میں نویں محرم الحرام کے سلسلہ میں ستائیس جلوس برآمد ہوئے جن کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ۔
قصور میں بھی 9 اور 10 محرم کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے۔ یوم عاشور پر رینجرز اور آرمی کی خدمات بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔
سکھر
سکھر میں 500 سو سال سے بھی زائد قدیم نو محرم الحرام کا قدیمی ماتمی جلوس امام بارگاہ کربلا شاہ عراق روہڑی سے صبح سویرے برآمد ہوا۔
جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا میدان کربلا پہنچ گیا، ایک رات قیام کےبعد ماتمی جلوس اگلی منزل کی جانب روانہ ہوگا۔
جلوس میں ہزاروں عزاداران شریک ہوئے، تعزیہ کے ساتھ نوڈھالی کربلا کا ماتمی جلوس منڈوکھبڑ کے مقام پر پہنچا جہاں نماز ظہرین ادا کی گئی۔
شہر میں سیکیورٹی کیلئے 2 ہزار سے زائد پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات تھے، اور سیکیورٹی کے باعث موبائل فون سروس بھی بند رہی، جب کہ سی سی ٹی وی روم بھی قائم کیا گیا۔
جلوس کی تمام گزر گاہیں سیل رہیں جہاں پولیس کے سادہ لباس نوجوان بھی فرائض سرانجام دے رہے تھے، روہڑی میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے باعث حفاطتی اقدامات کے پیش نظر شہر کی بجلی بھی بند کردی گئی تھی۔
خیبرپختونخواہ
خیبرپختونخوا میں آج نو محرم الحرام کے جلوس برآمد ہوئے، ضلع ہنگو کا 9 ویں محرم کا ماتمی جلوس قومی امام بارگاہ پاسکلے پہنچ کر اختتام پزیر ہو گیا ہے، جب کہ پشاور میں نویں محرم الحرام کی مناسبت سے مختلف امام بارگاہوں سے برآمد جلوس اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہیں، جو نماز فجر کے وقت اپنی ہی امام بارگاہوں میں اختتام پذیر ہوجائیں گے۔
نو اور دس محرم کو ڈی آئی خان، ہنگو، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، پشاور، ٹانک، بنوں، ہری پور، مانسہرہ، مردان، نوشہرہ، لکی مروت اور ایبٹ آباد میں موبائل سروس اور انٹرنیٹ کی سہولت معطل رہے گی۔
حساس اضلاع میں حفاظتی کیمروں سے ہمہ وقت نگرانی ہو رہی ہے، عاشورہ کیلئے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے، اسلحہ کی نمائش، ڈبل سواری اور گاڑیوں کے کالے شیشوں کے استعمال پر بھی پابندی عائد ہے۔
محکمہ داخلہ، خیبرپختونخوا اور قانون نافذ کرنیوالے والے اداروں کو پہلے ہی مراسلے ارسال کیا جا چکا ہے جبکہ افغان مہاجرین کو کیمپوں تک محدود رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
Comments are closed on this story.