Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسمبلیوں کی تحلیل اور نگران حکومت پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی مشاورت کا پہلا دور مکمل

راجا ریاض کی زیر صدارت اجلاس میں نگراں وزیراعظم کیلئے 3 ناموں پرغور
اپ ڈیٹ 26 جولائ 2023 07:11pm

اسمبلیوں کی تحلیل اور نگران حکومت پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی مشاورت کا پہلا دور مکمل ہوگیا ہے، جب کہ اپوزیشن نے بھی راجا ریاض کی زیرصدارت مشاورتی اجلاس میں نگراں وزیراعظم کے لیے 3 ناموں پر غورکیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی ابتدائی مشاورت میں نگران وزیراعظم کے لئے کسی نام پر اتفاق نہیں ہوا۔ اس حوالے سے اپوزیشن کا ایک اور مشاورتی اجلاس بعد میں ہوگا۔

دوسری جانب نگران حکومت کی تشکیل اور قومی اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں مشاورت کا پہلا دور مکمل ہوگیا ہے، جب کہ نگران حکومت اور نگران وزیر اعظم کے ناموں پر مشاورت کا دوسرا دور آج رات کو ہوگا۔

آج ہونے والے اجلاس میں دونوں طرف سے بعض ناموں پر غور کیا گیا، اور وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان سے بھی بعض ناموں پر مشاورت کی ہے، شہبازشریف اس حوالے سے نوازشریف سے بھی رابطے میں ہیں۔

پہلی مشاورت کے بعد میڈیا سے غیررسمی بات کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم کا امیدوار اتفاق رائے سے لایا جائے گا۔

واضح رہے کہ اتحادی جماعتیں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے نگراں وزیراعظم بننے پر اتفاق کی اطلاعات مسترد کرچکی ہیں جبکہ اس حوالے سےمسلم لیگ ن کے اندر بھی اختلاف رائے سامنے آیا ہے۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کہہ چکے ہیں کہ نگراں وزیراعظم کے نام پر ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، اسحاق ڈار اگر نگراں وزیراعظم بنتے ہیں تو پورے پراسس پر سوالیہ نشان آجائے گا، قانون بھی اجازت نہیں دیتا کہ پارٹی سے وابستہ شخص ایک نیوٹرل عہدے پرفائز ہو۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی رہنما اور وفاقی وزیر شیری رحمان بھی فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہہ چکی ہیں کہ نگراں وزیراعظم سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا اورخبریں گردش کرنے لگیں، نگراں وزیراعظم کی تعیناتی کا فیصلہ مشاورت سے ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعتیں اور دیگر جماعتیں بھی مشاورت کا حصہ ہوں گی، ہماری 3 رکنی کمیٹی بن گئی ہے مگر پیپلزپارٹی کی جانب سے ابھی کوئی نام نہیں لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار کو نگراں وزیراعظم بنانا نواز شریف کی خواہش تھی۔

Ishaq Dar

Raja Riaz

Caretaker PM