ورلڈ کپ: احمد آباد میں پاک بھارت میچ کا شیڈول تبدیل ہوسکتا ہے
کرکٹ ورلڈ کپ میں پاک بھارت شائقین کو سب سے زیادہ انتظار روایتی حریفوں کے ٹکراؤ کارہتا ہے، لیکن عین ممکن ہے کہ ورلڈ کپ کے جس میچ کا شائقین سب سے زیادہ انتظار کررہے ہیں اس کا شیدول تبدیل کردیا جائے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان 15 اکتوبر کو احمد آباد میں ہونے والا ورلڈ کپ میچ ری شیڈول کیے جانے کا امکان ہے جس کی وجہ اسی روز نوراتری کا تہوار ہے،۔
گجرات بھر میں گربا نائٹس میں بڑے پیمانے پر شرکت کے ساتھ منائے جانے والے تہوار نوراتری کے پہلے ہی دن ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ انتظار کیے جانے والے میچ پر سیکورٹی ایجنسیوں نے بی سی سی آئی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس میچ کا شیڈول تبدیل کردے ۔
اگرپاک بھارت میچ کی تاریخ تبدیل کی جاتی ہے تو یہ ان شائقین کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ہوگا جنہوں نے میچ دیکھنے کیلئے سفری منصوبوں کو حتمی شکل دے دی ہے،۔ اس میچ کے ٹکٹ گھنٹوں کے اندرفروخت ہو ئے اور یہ میچ براڈکاسٹرز کے لیے بھی آسمان کی بلند ترین ٹی آر پی لاتے ہیں.
بی سی سی آئی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر انڈین ایکسپریس کو بتایا، کہ ، ’ہم اپنے پاس موجود آپشنز پر غور کر رہے ہیں اور اس حوالے سے جلد ہی فیصلہ لیا جائے گا‘۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں سکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بھارت مقابلہ پاکستان جیسے ہائی پروفائل میچ، جس کے لیے ہزاروں شائقین کے احمد آباد پہنچنے کی توقع ہے، سے گریز کیا جانا چاہیے
گزشتہ ماہ کے اواخر میں جب آئی سی سی نے ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کیا تھا تو تقریبا ایک لاکھ کی گنجائش والے نریندر مودی اسٹیڈیم میں چار اہم میچ شیدول کیے گئے جن میں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ، بھارت بمقابلہ پاکستان، انگلینڈ بمقابلہ آسٹریلیا اور ایونٹ کا فائنل شامل ہیں۔
ورلڈ کپ کا انعقاد 10 شہروں میں کیا جارہا ہے جس کے سیمی فائنل ممبئی اور کولکتہ میں ہوں گے۔
احمد آباد سے ملنے والی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ زیادہ تر ہوٹلوں میں اکتوبر کے وسط کے لیے پہلے سے ہی زیادہ بکنگ ہو چکی ہے اور یہاں تک کہ ہوم اسٹے کے آپشن بھی ختم ہو چکے ہیں۔ ہوائی کرایوں میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ اگر بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جاتا ہے تو بڑے پیمانے پر یہ بکنگ منسوخ ہو جائے گی۔
دریں اثنا منگل کی رات بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے ورلڈ کپ میچز کی میزبانی کرنے والی ایسوسی ایشن کو خط لکھ کر 27 جولائی کو نئی دہلی میں ہونے والی میٹنگ میں شرکت کرنے کو کہا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ بورڈ ممبران کو احمد آباد کے آس پاس کے سیکورٹی خدشات سے آگاہ کرتے ہوئے اس اہم ترین میچ کی نئی تاریخ کو حتمی شکل دے سکتا ہے۔
Comments are closed on this story.