Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

خواجہ آصف کے خواتین کو کوڑا کرکٹ اور باقیات کہنے پر پی ٹی آئی اراکین کا احتجاج

جس شخص کا دفاع خواتین کریں گی اس کی بہادری کیا ہوگی، خواجہ آصف
اپ ڈیٹ 25 جولائ 2023 07:31pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پی ٹی آئی خواتین اراکین کو کوڑا کرکٹ اور باقیات کہہ دیا جس پر پی ٹی آئی اراکین کی طرف سے سخت احتجاج کیا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کیجانب سے پی ٹی آئی ارکان پر تنقید کی گئی جس پر اپوزیشن نے ایوان میں شور شرابا شروع کر دیا، تحریک انصاف کے سینیٹرز سیٹوں پر کھڑے ہو گئے اور احتجاج شروع کر دیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ آج اس شخص کو عدالتوں میں پیش ہونے کی جرات نہیں ، ورکروں کو بند کرکے چوہے کی طرح چھپ کر بیٹھا ہوا ہے، جس شخص کا دفاع خواتین کریں گی اس کی بہادری کیا ہوگی، پہلے اپنا دامن دیکھیں پھر ہمیں پاک دامنی کا طعنہ دیں ۔

اس دوران وزیردفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی خواتین اراکین کو کوڑا کرکٹ اور باقیات قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ باقیات رہ گئی ہیں جنہوں نے چیف آف اسٹاف کو باپ کہا تھا۔

پی ٹی آئی اراکین نے خواجہ آصف کے ریمارکس پر سخت احتجاج کیا۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ علی ظفرنے کہا کہ یہ بھیڑیوں کا ریوڑ ہے، بھیڑیا کہا جائے تو کوڑا کرکٹ منہ سے نکل ہی جائے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے باپ بھیڑیا اورکوڑا کرکٹ کے الفاظ حذف کردیے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے چٹھی لکھی کہ کچھ چیزوں میں ترمیم ہونی چاہیئے، وقت کے ساتھ ساتھ ترمیم کرنا پڑتی ہے، 2017 کے الیکشن ایکٹ میں سیاسی جماعتوں کو اختلافات تھے، جب بھی ترامیم منظور کی جائیں ہمیں اعتراض نہیں، اسمبلی کی مدت 12اگست کی رات ختم ہورہی ہے۔

پی ٹی آئی کی سینیٹر زرقا سہرودی نے کہا کہ ایسے ایسے الفاظ استعمال کئے گئے جو اپنے گھر میں سنے نہ تعلیمی نظام میں ایک نے کوڑا کرکٹ اور کسی نے گالم گلوچ اور ایک اور نے کوئی اور لفظ کہہ دیا ہماری تربیت ایسی نہیں ہے مگر ہمیں جواب دینے پر مجبور نہ کیا جائے ہم آپ کو معاف کرتے ہیں۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ غلطی اقتدار کے خاطر ہو تو تکلیف ہوتی ہے، پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر حملہ کیا گیا، جو بھارت نہیں کرسکا وہ 9مئی کو کیا گیا۔ پی ٹی آئی والے اسمبلی سے نکلتے ہیں پھر واپس آنے کی بات کرتے ہیں اب ہمیں پتہ چل گیا ہے کہ میر صادق کون ہے اور میرجعفر کون؟؟۔

ایاز صادق نے مزید کہا کہ یہ پارلیمنٹ کو آگ لگانے کی بات کرتے ہیں، یہ استعفے دیتے ہیں پھر واپس آجاتے ہیں، ایک شخص تمام سیٹوں پر خود الیکشن لڑنے کا کہتا ہے، یہ کس منہ سے جمہوریت کی بات کرتے ہیں۔

اسلام آباد

Khuwaja Asif

Defence Minister

PTI protest

Raja Pervaiz Ashraf

Senate of Pakistan

parliment joint session