Aaj News

ہفتہ, نومبر 16, 2024  
13 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی: سویڈن قرآن کی بے حرمتی، مولانا فضل الرحمٰن کی کال پر کارکنان پریس کلب پہنچ گئے

ارکنان نے اسرائیل اور سویڈن کا پرچم پیروں تلے روندا
شائع 23 جولائ 2023 05:21pm
تصویر: اے ایف پی/ فائل
تصویر: اے ایف پی/ فائل

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمٰن نے آج ملک بھر میں احتجاج کی کال دی ہے، کارکنان کراچی پریس کلب پہنچ گئے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو پیغام میں مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ کراچی میں ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جس میں انشا اللہ میں خود شریک ہوں گا۔

جے یو آئی کارکنان کی بڑی تعداد پریس کلب کے باہر پہنچ گئی ہے، جہاں اسرائیل اور سویڈن کا پرچم پیروں تلے روندا گیا۔

سویڈن جانے والے ایک عراقی تارک وطن نےعید الاضحیٰ کی چھٹی کے دوران اسٹاک ہوم کی ایک مسجد کے باہر قرآن پاک کی بے حرمتی کی، اسے جلایا اور اس پر پتھر برسائے تھے، جس سے پوری مسلم دنیا میں غم و غصہ پھیل گیا۔

مذکورہ واقعے کے ردِ عمل میں سویڈن میں پھر قرآن پاک کی بے حرمتی کی اجازت دیئے جانے پرعراقی دارالحکومت بغداد میں سیکڑوں مشتعل مظاہرین نے دھاوا بول کر سویڈن کا سفارت خانہ جلا دیا تھا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں سفارت خانے کے کمپاؤنڈ میں مظاہرین کو جھنڈے اورعراقی شیعہ مذہبی اور سیاسی رہنما مقتدیٰ الصدر کی تصویر والے کارڈز لہراتے ہوئے دیکھا جاسکتا تھا۔

اس کے بعد عراقی حکومت نے بغداد میں سویڈن کے سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔

سویڈن میں رہنے والے ایک شہری سلوان مومیکا کی جانب سے دوبارہ قرآن کی بے حرمتی کرتے ہوئےعراقی پرچم کی تذلیل کی گئی تھی۔

دوسری جانب یورپی ملک ڈنمارک میں عراقی سفارت خانے کے سامنے قرآن کو نذرآتش کرنے کی اطلاعات ملی تھیں۔

ردِعمل میں عراقی دارالحکومت بغداد میں سیکڑوں افراد نے شہر کے گرین زون پر حملہ کرنے کی کوشش کی، تو سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کردیا۔

گرین زون ایک ایسا علاقہ ہے جہاں پرغیر ملکی سفارت خانے سمیت حکومتی اداروں کی عمارتیں موجود ہیں۔

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے ہفتے کے روز ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی ہے۔

karachi

JUIF

Molana Fazal ur Rehman

Sweden