پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف درخواست خارج
اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے 2013 کے انتخابات کیلئے سابق صدرپرویز مشرف کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف درخواست کو غیر موثر قرار دیتے ہوئے خارج کردیا۔
سپریم کورٹ نے دس سال قبل کی درخواست پرسابق صدر پرویز مشرف کے انتقال کے بعد فیصلہ سنادیا۔
چیف جسٹس آف پاکستان عمرعطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی درخواست پرسماعت کی۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو اگاہ کیا کہ 2013 کی عام انتخابات میں درخواستگزار پرویز مشرف نے نااہلی کو چیلنج کیا تھا، 2013 کی اسمبلی مدت بھی ختم ہوچکی ہے اور درخواستگزار وفات پاچکے ہیں۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے درخواست غیر موثر قرار دے کر خارج کردی۔
واضح رہے کہ پرویز مشرف نے 2013 عام انتخابات میں چترال سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے۔
پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے تھے جسے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل ان کے انتقال کے بعد گزشتہ دنوں سماعت کے لئے مقرر کی گئی تھی۔
Comments are closed on this story.