Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پشاور حیات آباد میں ایف سی کی گاڑی پر خودکش حملہ

بارودی مواد گاڑی کی ڈگی میں رکھا گیا تھا
اپ ڈیٹ 19 جولائ 2023 09:18am

پشاور کے علاقے حیات آباد میں ایف سی کی گاڑی کے قریب منگل کی سہ پہر ایک خودکش دھماکہ ہوا جس میں کم ازکم 8 افراد زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق دھماکا فیز 6 میں ایف سی کی گاڑی کے قریب ہوا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی گاڑی گزر رہی تھی اور مبینہ خود کش حملہ آور نے بارودی مواد سے بھری گاڑی فورسز کی گاڑی سے ٹکرا دی۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔

دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی گئی، اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ کردی گئیں۔

دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا، جن میں سے دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ جب کہ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ایک شخص جاں بحق بھی ہوا ہے، تاہم سرکاری ذرائع نے ابھی اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں کی۔

ایس پی کینٹ وقاص رفیق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ خودکش دھماکا سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب ہوا ہے۔

ایس پی کینٹ وقاص رفیق کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے قافلہ پر خود کش حملہ ہوا، جس میں 6 افراد زخمی ہوئے، دھماکے کے بعد علاقے کو سیل کردیا گیا ہے، اور شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خود کش دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی کا چیچز نمبر حاصل کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بارودی مواد گاڑی کی ڈگی میں رکھا گیا تھا، اور گاڑی میں بھاری مقدار میں بارودی مواد موجود تھا۔

واقعہ کی تحقیقات کیلئےاعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

گُزشتہ رات سی ٹی ڈی ٹیموں نے جائع وقوع کا دورہ کیا اور حیات آباد کے اطراف میں سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی گئیں۔

ذرائع کے ماطبق دھماکے کے قریب آبادی کے بیانات قلمبد کیے گئے، گاڑی کے انجن اور چیسز نمبر فرانزک کے لیے ارسال کیے گئے، حملہ آور کے اعضاء کے خون کے نمونے ڈی این اے کے لیے بھیجے گئے۔

Blast

blast in peshawar