بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ میں شرکت کیلئے پی سی بی کو حکومتی اجازت کا انتظار
بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میں قومی ٹیم شرکت کرے گی یا نہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو حکومت کی اجازت کا انتظار ہے جبکہ دس روز گزرنے کے باوجود ہائی پرفائل کمیٹی کا ایک بھی اجلاس نہ ہوسکا۔
میگا ایونٹ میں شرکت کیلئے پی سی بی کو حکومت کی اجازت کا انتظار ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے دس روز قبل پاکستان کی ساکھ برقرار رکھتے ہوئے میگا ایونٹ میں شرکت کے حوالے سے سفارشات پیش کرنے کیلئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی سربراہی میں ایک ہائی پرفائل کمیٹی تشکیل دی تھی۔
کمیٹی کا مقصد سفارشات مرتب کرنا تھا کہ پاکستانی ٹیم بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میں حصہ لے یا اسے بائیکاٹ کرنا چاہئے۔ لیکن کمیٹی کی تاحال میٹنگ نہ ہونے کی بنا پر خاموشی چھائی ہوئی ہے۔
وزیراعظم کی جانب سے مدت پوری ہونے پر حکومت ختم کرنے کے اعلان کے بعد سوالات کھڑے ہو گئے ہیں کہ ورلڈ کپ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ہائی پروفائل کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں موجود حکومت کرے گی یا پھر نگران وفاقی حکومت کرے گی۔
میگا ایونٹ رواں سال 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک بھارت میں شیڈول ہے جبکہ میگا ایونٹ کا ہائی وولٹیج ٹاکرا پاکستان اور بھارت کے درمیان احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔
Comments are closed on this story.