چوروں کےہاتھ میں حکومت ہوتوچوری کیسےختم ہوگی، امیر جماعت اسلامی
امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں15ماہ میں کرپشن میں ریکارڈاضافہ ہوا، وفاق میں پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت ہے، چوروں کےہاتھ میں حکومت ہوتوچوری کیسےختم ہوگی۔
پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ سود ظلم جبرو استحصال کی آماجگاہ ہے، جس کے خلاف جماعت اسلامی جہاد میں مصروف ہے، اور یہ جہاد مرتے دم تک جاری رہے گا۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ دنیا میں مسائل زیادہ اور وسائل کم ہیں، یہ نظریہ سراسرغلط ہے، اللہ نے جتنی مخلوق پیدا کی، ان کے رزق کا بندوبست بھی کیا ہے، یہ دشمن کا نظریہ ہے کہ سود کے بغیر معیشت نہیں چل سکتی، دنیا میں سودی نظام 1839 سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی 30 سال سے سودی نظام کے خلاف جہاد کررہی ہے، وفاقی شرعی عدالت کے فیصلوں کے باوجود سودی نظام رائج ہے، چوروں کےہاتھ میں حکومت ہوتوچوری کیسےختم ہوگی، خیبرپختونخوا میں15ماہ میں کرپشن میں ریکارڈاضافہ ہوا۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ وفاق میں پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت ہے، اور مولانا فضل الرحمان پی ڈی ایم کے سربراہ ہیں، جب کہ مذہبی جماعت کے قائد بھی ہیں، انہیں توسود کے خلاف ہونا چاہئے، لیکن سود کی شرح کم ہونے کے بجائے بڑھ گئی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ سود خوروں کو ووٹ دینا، سپورٹ کرنا بھی گناہ ہے، اللہ کے حکم کے مطابق سود خور کا ساتھ دینے والا بھی گنہگار ہے، فضل الرحمان سےمطالبہ کرتاہوں کہ سودی نظام ختم کریں، آپ کی 15 یا 20 دنوں کی حکومت باقی ہے، اسلامی نظام کیلئے قانون سازی کریں۔
Comments are closed on this story.