Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاک ایران فوجی تعلقات قائم کرنے پر عسکری سربراہان میں تبادلہ خیال

ہم پاکستان کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتے ہیں، کمانڈر انچیف اسلامی انقلابی گارڈز کور
شائع 16 جولائ 2023 11:33am

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے ہفتے کو ایران کے اعلیٰ عسکری رہنماؤں سے ملاقات کی جس میں دفاعی اور سیکیورٹی تعاون سے متعلق دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان تعلقات کو مضبوط بنانے، سیکیورٹی چیلنجز اور اور سرحد پر دہشت گرد عناصر کی موجودگی اور سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے موزوں ترین حل استعمال کرنے کے لیے تیار ہے۔

جنرل عاصم منیر، ہفتے کو ایک اعلیٰ فوجی وفد کے ساتھ دو روزہ دورے پر ایران پہنچے تھے۔

تہران پہنچنے پر جنرل منیر کا استقبال اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے کمانڈر انچیف میجر جنرل عبدالرحیم موسوی نے کیا۔

ایران کی ”مہر نیوز ایجنسی“ کے مطابق، انہوں نے تہران میں ایران کے اعلیٰ ترین جنرل محمد حسین باقری سے ملاقات کی اور مختلف شعبوں میں تعاون کی سطح کو فروغ دینے اور دو طرفہ بات چیت کو بہتر بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ جس میں دفاع، سیکورٹی، فوجی اور تربیت شامل ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران، جنرل باقری نے ’دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کی توسیع کی بنیاد کے طور پر دونوں پڑوسی ممالک کے تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالی۔‘

انہوں نے تہران اور اسلام آباد کے درمیان فوجی تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے علاقائی سطح پر دونوں ممالک کے درمیان تربیتی رابطوں اور مشترکہ دفاعی اور سیکورٹی تعلقات کو بڑھانے پر زور دیا۔

ملاقات میں دونوں فریقین نے دوطرفہ رابطوں میں اضافے، مشترکہ سرحدوں پر سیکورٹی کو مضبوط بنانے اور علاقائی سطح پر تعلیمی، دفاعی اور سیکورٹی تعلقات میں اضافے کے طریقوں پر تبادلہ خیال اور جائزہ لیا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اسلامی انقلابی گارڈز کور (IRGC) کے چیف کمانڈر میجر جنرل حسین سلامی سے بھی ملاقات کی، جنہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کی سلامتی کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

مہر نیوز ایجنسی نے جنرل سلامی کے حوالے سے کہا کہ ’ہم پاکستان کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتے ہیں اور بات چیت، تعاون اور مشترکہ کارروائیوں کو وسعت دے کر ہم دہشت گرد گروپوں کا وجود ختم کریں گے اور مشترکہ سرحدی علاقوں میں مستحکم سیکورٹی قائم کریں گے۔‘

آئی آر جی سی کے کمانڈر انچیف نے کہا کہ ان کی افواج اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے دونوں ممالک کی سرحدوں کو اقتصادی سرحدوں میں تبدیل کرنے کے لیے تیار ہیں۔

جنرل عاصم منیر نے اپنے دورہ ایران پر اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سیکورٹی رابطوں کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

پاکستان

Tehran

اسلام آباد

IRGC

General Asim Munir