پاکستان سے جانے والی سیما کی جان کو خطرات لاحق ، بھارتی پولیس پہرہ دینے لگی
پب جی پارٹنرکے ساتھ دوستی اور پھر محبت ہوجانے کے بعد پاکستان سے بھارت جانے والی سیما کی جان کو خطرات لاحق ہوگئے۔ بھارتی پولیس سیما کی حفاظت کے لیے باقاعدہ پہرے پر مامورکردی گئی۔
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے تقریبا 50 کلومیٹر دور واقع گاؤں رابوپورہ چند ہفتے قبل تک غیرمعروف تھا لیکن سیما اور سچن کی ’لو اسٹوری‘ نے گریٹر نوئیڈا کے اس گاؤں کو گمنامی کے سائے سے باہرنکال دیا ہے۔
پاکستان سے 4 بچوں کے ہمراہ بذریعہ نیپال بھارت جانے والی سیما اسی گاؤں میں سچن کے ساتھ اس کے دو کمروں کے گھرمیں رہتی ہیں۔
غیر قانونی طور پر بھارت میں داخل ہونے والی سیما رند اس وقت سے توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں جب ان کی کہانی پہلی بارسرخیوں میں آئی تھی۔ جس گھر میں یہ جوڑا رہتا ہے اس کے ارد گرد میڈیا اور سوشل میڈیا اہلکاروں سمیت ایک ہجوم ہے، جو سیما اور سچن کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے بے چین ہیں۔ اس ہجوم نے اتر پردیش پولیس کو الرٹ کردیا ہے۔
اتر پردیش پولیس کے ایک سینئر افسرنے سیما پر ممکنہ حملوں کے بارے میں اس وقت تشویش کا اظہار کیا تھا جب انہوں نے سچن کے ساتھ رہنے کے لیے ہندو مذہب قبول کیا، پولیس کے مطابق کچھ شرپسند عناصر جو ہجوم کے رکن یا میڈیا اہلکاروں کے روپ میں ہیں، سیما پر حملہ آور ہوسکتے ہیں۔
عہدیدار نے انڈیا ٹوڈے کو بتایا کہ اگرچہ سیما یا سچن کی طرف سے حفاظتی اقدامات کی کوئی باضابطہ درخواست نہیں کی گئی ہے ، لیکن پولیس سیما اور سچن کے گھر پر مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔
Comments are closed on this story.