Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی چیئرمین کیخلاف توشہ خانہ فوجداری کیس بغیر کارروائی کے 17 جولائی تک ملتوی

سپریم کورٹ کے بعد گڈ ٹو سی یو کے الفاظ کا کچہری میں بھی استعمال
شائع 14 جولائ 2023 10:20am
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کی استدعا پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت 17 جولائی تک ملتوی کردی۔

اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن اور چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے مکالمہ کیا کہ جی آج آپ نے دلائل دینے ہیں جس پر سعد حسن نے کہا کہ دلائل امجد پرویز صاحب ہی دیں گے تاہم آج وہ گھریلو مصروفیات کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکیں گے۔

وکیل الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کرنے کی استدعا کی، اس پر عدالت کا کہنا تھا کہ کل ممکن نہیں ہے کل کچہری کی شفٹنگ ہے، اسی لئے کل یہاں کوئی کیس نہیں ہوسکے گا یا ایسا ممکن ہے کہ کل نئی کچہری میں سماعت کر لیتے ہیں۔

سعد حسن نے عدالت سے مخاطب ہوکر کہا کہ کچہری کی شفٹنگ ہو رہی ہے تو ہم بھی چاہتے ہیں کہ سوموار تک ملتوی کر دی جائے۔

عدالت نے پی ٹی آئی وکیل بیرسٹر گوہر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر صاحب آج کل بہت مصروف ہیں، امجد پرویز صاحب آج پیش نہیں ہو سکتے وہ بھی سماعت سوموار تک ملتوی کرنے کی استدعا کر رہے ہیں، لہٰذا سوموار کو نئی کچہری میں صبح 11 بجے سماعت کریں گے۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت سوموار تک ملتوی کردی۔

سپریم کورٹ کے بعد گڈ ٹو سی یو کے الفاظ کا کچہری میں بھی استعمال ہوگیا، بیرسٹر گوہر نے جج ہمایوں دلاور سے کہا کہ نئی کچہری میں نئے ماحول کے ساتھ سماعت ہو گی، گڈ ٹو سی یو ان نیو کچہری۔

pti

ECP

اسلام آباد

Tosha Khana Criminal Proceedings Case