Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

کنگ سلمان ریلیف سینٹر پاکستانی سیلاب متاثرین میں راشن کے لاکھوں تھیلے تقسیم کرے گا

فوڈ سیکورٹی منصوبہ چاروں صوبوں کے 40 اضلاع کیلئے ہے
اپ ڈیٹ 13 جولائ 2023 11:49am

کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے پاکستان میں سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے فوڈ سیکیورٹی سپورٹ پروجیکٹ کا آغاز کردیا۔

کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے پاکستان میں سال کے لیے فوڈ سیکیورٹی سپورٹ پروجیکٹ کا آغاز کردیا ہے، جس کے تحت سعودی امدادی تنظیم ملک کے 40 اضلاع میں مستحق افراد میں فوڈ پیکج تقسیم کرے گی۔

اس حوالے سے اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق کنگ سلمان ریلیف سینٹر چار براعظموں کے 92 سے زیادہ ممالک کو انسانی اورترقیاتی امداد کی فراہمی میں مصروف ہے، جس سے دنیا بھر میں لاکھوں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔

اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے سال 2023- 24 کے لیے غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایک منصوبے کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت پاکستان میں چار مرحلوں میں 10 ہزار 13 ٹن کے ایک لاکھ 5000 فوڈ پیکجز تقسیم کئے جائیں گے، جس کا مقصد چاروں صوبوں کے 40 اضلاع میں رہنے والے سیلاب سے متاثرہ اور مستحق افراد تک خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

اعلامیے کے مطابق امدادی پروجیکٹ سے ملک بھر میں مجموعی طور پر 7 لاکھ 35 ہزار افراد مستفید ہوں گے، اس فوڈ پیكج میں تمام تر ضروری اشیائے خرد ونوش بشمول آٹا، کوکنگ آئل، چینی اور دالیں شامل ہیں۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ہر پیکج کا وزن 95 کلو گرام ہوگا، جس میں 80 کلو آٹا، 5 لیٹر کوکنگ آئل اور 5، 5 کلو چینی اور دالیں شامل ہوں گی، جو ایک گھرانے کے لئے پورے مہینے کے لیے کافی ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ مضبوط سیاسی، ثقافتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات ہیں، اس کے علاوہ تقریباً 25 لاکھ زائد پاکستانی سعودی عرب میں روزگار کے حصول کے لئے مقیم ہیں، جب کہ سعودیہ پاکستان کو ترسیلات زر اور تیل کی فراہمی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

Saudia Arabia

King Salman Relief Centre

Flood affected family